میرپورخاص(باغی ٹی وی ،نامہ نگارشاہزیب شاہ) 13 سالہ لڑکی سے اجتماعی زیادتی و ہلاکت،ماں سمیت6 ملزمان گرفتار
تفصیلات کے مطابق میرپورخاص کے گاؤں فوجی رانگڑ میں ایک دل دہلا دینے والے واقعے میں 13 سالہ لڑکی سے اجتماعی زیادتی کے بعد اس کی ہلاکت کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ پولیس نے اس سلسلے میں مزید چار ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے جس کے ساتھ ہی گرفتار افراد کی تعداد چھ ہو گئی ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان میں لڑکی کی اپنی ماں بھی شامل ہے۔ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ پیسوں کے لالچ میں ماں نے اپنی کم عمر بیٹی کو ان ملزمان کے حوالے کیا تھا۔ ملزمان نے پولیس کے سامنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے۔
متاثرہ لڑکی کو گزشتہ روز تشویشناک حالت میں سول ہسپتال لایا گیا تھا جہاں ڈاکٹروں کی تمام کوششوں کے باوجود اسے بچایا نہیں جا سکا۔ ڈی ایس پی کی سربراہی میں ایک خصوصی ٹیم اس معاملے کی گہرائی سے تحقیقات کر رہی ہے۔