میرپورخاص (باغی ٹی وی نامہ نگار سید شاہزیب شاہ) ایڈیشنل کمشنر ٹو سید ابرار علی شاہ نے اعلان کیا ہے کہ میرپورخاص میں اسپیشل اولمپکس پاکستان کے تعاون سے اگست میں انٹر اسکولز اسپیشل اولمپکس کھیلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ انہوں نے کمشنر کمیٹی ہال میں اسپیشل اولمپکس پاکستان کی اسپورٹس ڈائریکٹر مس فرخندہ کی قیادت میں وفد سے ملاقات کے دوران اس بات کا اعلان کیا۔ اجلاس میں انہوں نے کہا کہ ڈویژنل انتظامیہ خصوصی بچوں کے لیے اس اہم ایونٹ کے انعقاد میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
مس فرخندہ نے تفصیل سے آگاہ کیا کہ اسپیشل اولمپکس کے تحت بیڈمنٹن، باسکیٹ بال، بیس بال، کرکٹ، سائیکلنگ، فٹبال، سوئمنگ، پاور لفٹنگ، ٹیبل ٹینس، ٹینس اور فیلڈ ہاکی سمیت دیگر کھیل شامل ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسپیشل اولمپکس کا مقصد ذہنی پسماندہ بچوں اور بڑوں کو سال بھر کھیلوں کی تربیت فراہم کرنا، ان کے لیے مقابلوں کا انعقاد کرنا اور معاشرتی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔
اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر جھڈو غضنفر پرداخ، ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر واشدیو مالہی، آل پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے صدر فیصل خان زئی، پرنسپل اسپیشل ایجوکیشن اسکولز حسن علی لغاری، پبلک اسکول میرپورخاص و دیگر اداروں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔