میرپورخاص: فلسطینی مظلوموں کے حق میں جماعت اسلامی کا احتجاج

میرپورخاص (باغی ٹی وی، نامہ نگار سید شاہزیب شاہ) عالمی یوم یکجہتی فلسطین کے موقع پر اہل فلسطین پر اسرائیلی مظالم کے خلاف جماعت اسلامی میرپورخاص کے تحت مارکیٹ چوک میں بڑا احتجاجی مظاہرہ ہوا۔ احتجاج سے امیر ضلع حافظ سلمان خالد، مقامی رہنما نورالہی مغل، ن لیگ کے زاہد قائمخانی، مرکزی مسلم لیگ کے شعیب سندھی، عاصم شیخ، ظفر اقبال مجاہد اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔

مقررین نے کہا کہ اہل فلسطین ایک سال سے اسرائیلی جارحیت اور مظالم کا مقابلہ کر رہے ہیں اور استقامت و قربانی کا کوہ گراں ثابت ہوئے ہیں۔ انہوں نے مسلم دنیا کے حکمرانوں کی بے حسی اور بزدلی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر کے ایٹمی اور معدنی وسائل سے مالا مال مسلم حکمران اپنی عیش و عشرت میں مصروف ہیں، جس کے سبب اسرائیل فلسطینیوں پر مظالم ڈھا رہا ہے۔

مظاہرے میں سینکڑوں مرد، خواتین اور بچے شدید دھوپ اور گرمی کے باوجود شریک ہوئے۔ بچوں نے "لبیک یا اقصیٰ” اور "اسرائیل کا ایک علاج، الجہاد الجہاد” کی پٹیاں باندھ رکھی تھیں۔ مظاہرین نے اسرائیل کی بربادی اور مسجد اقصیٰ کی آزادی کے لیے فلک شگاف نعرے لگائے۔

مقررین نے کہا کہ حماس کے مجاہدین "طوفان الاقصیٰ” کے تحت اسرائیلی مظالم کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں، اور اہل فلسطین کی ثابت قدمی نے اسرائیل کے غرور کو خاک میں ملا دیا ہے۔ پاکستانی عوام کے دل فلسطینیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، اور الخدمت فاؤنڈیشن کے ذریعے فلسطینیوں کے لیے ہزاروں ٹن امدادی سامان بھیجا جا چکا ہے۔

مقررین نے مزید کہا کہ گریٹر اسرائیل کے منصوبے کی سب سے بڑی رکاوٹ اہل فلسطین ہیں، اور اسرائیل کے بعد لبنان، ایران اور پھر مکہ و مدینہ کو نشانہ بنائے گا۔ ایٹمی پاکستان کو اسرائیل کی جارحیت روکنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا، کیونکہ اسرائیلی مظالم کا جواب صرف طاقت سے دیا جا سکتا ہے۔

Comments are closed.