میرپورخاص(باغی ٹی وی ،نامہ نگارشاہزیب شاہ)ملک بھر کی طرح، میرپورخاص میں بھی جشن آزادی کی تقریبات کا آغاز "معرکہ حق” کے عنوان سے کر دیا گیا ہے۔ یکم اگست کو، وطن سے محبت کا اظہار کرنے کے لیے کمشنر کمپلیکس سے میرپورخاص پریس کلب تک ایک بڑی ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت ڈویژنل کمشنر میرپورخاص فیصل احمد عقیلی، ڈی آئی جی زبیر احمد، ڈپٹی کمشنر میرپورخاص ڈاکٹر رشید مسعود خان، اور میئر عبدالرؤف غوری نے کی۔

ریلی کے شرکاء نے اپنے ہاتھوں میں قومی پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے اور پاکستان کے حق میں نعرے لگا رہے تھے۔ کمشنر میرپورخاص فیصل احمد عقیلی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جشن آزادی کی تقریبات کا آغاز ریلی سے کر دیا گیا ہے اور ان کا مقصد "معرکہ حق” کے طور پر پوری دنیا کو یہ پیغام دینا ہے کہ پوری پاکستانی قوم متحد اور پرامن ہے اور اپنی پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔

ڈی آئی جی پولیس زبیر احمد دریشک نے اس موقع پر کہا کہ پاک فوج نے بہادری سے اپنی سرزمین کا دفاع کیا ہے، جس سے بھارت کو شکست تسلیم کرنا پڑی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان تقریبات کے ذریعے ہم یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پوری قوم متحد ہے اور اپنی پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر رشید مسعود خان نے بھی اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "جشن آزادی معرکہ حق” کے طور پر منا کر ہم پوری دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پوری قوم اس پرچم کے سائے تلے متحد اور پرامن ہے۔ انہوں نے بتایا کہ "جشن آزادی معرکہ حق” کے سلسلے میں یکم اگست سے 14 اگست تک مختلف پروگرام تشکیل دیے گئے ہیں۔ ان تقریبات کے سلسلے میں گلستان بلدیہ پارک میں شجرکاری بھی کی گئی۔

ریلی میں ایڈیشنل کمشنر ون سبھاش چندر، محکمہ تعلیم، صحت، پی پی ایچ آئی، سوشل ویلفیئر، لوکل گورنمنٹ اور پرائیویٹ اسکول منیجمنٹ ایسوسی ایشن کے صدر فیصل زئی، اساتذہ اور عمائدین شہر کی بڑی تعداد موجود تھی۔

Shares: