میرپورخاص (نامہ نگار سید شاہزیب شاہ): میرپورخاص پولیس نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے مین پڑی میں استعمال ہونے والی چھالیہ کے چورے کی ایک بڑی کھیپ کو قبضے میں لے لیا ہے۔ ایس ایچ او تعلقہ غازی خان، راجڑ کی زیرِ نگرانی انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں تقریباً 2860 کلوگرام چھالیہ کا چورا برآمد کیا گیا اور ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ بھاری مقدار میں چھالیہ کا چورا مین پڑی کیلئے سپلائی کیا جا رہا ہے۔ اس اطلاع پر فوری کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے ہینو ٹرک (نمبر TTA-580) کو روکا اور اس کی تلاشی لی۔ تلاشی کے دوران، ٹرک سے 260 کٹے برآمد ہوئے، جن میں چھالیہ کا چورا بھرا ہوا تھا۔ اس کھیپ کا مجموعی وزن 2860 کلوگرام ہے۔

پولیس نے موقع پر ہی ٹرک ڈرائیور محمد جاوید گوپانگ کو حراست میں لے لیا، جس کا تعلق ضلع مظفرگڑھ، پنجاب سے ہے۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس کارروائی سے علاقے میں مضر صحت اشیاء کی سپلائی کا سلسلہ روکنے میں مدد ملے گی۔

Shares: