میرپورخاص (باغی ٹی وی،نامہ نگارسیدشاہزیب شاہ کی رپورٹ) شہری کا پولیس پر منشیات فروشی کے لیے دباؤ ڈالنے کا الزام
تفصیل کے مطابق تحصیل میرواہ گورچانی شجاع آباد کے رہائشی دانیال ولد تاج محمد رنگھڑ نے پولیس پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایس ایچ او میرواہ، جنید قمر میمن اور تھانہ میرواہ کے منشی رفیق لغاری نے اسے منشیات فروشی پر مجبور کیا۔
دانیال نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ جب اس نے منشیات کے کاروبار میں ملوث ہونے سے انکار کیا تو ایس ایچ او جنید میمن اور پولیس اہلکاروں نے اسے ہوٹل سے گرفتار کر لیا اور پولیس گاڑی میں بٹھا کر تھانے لے گئے۔ اسی رات پولیس اہلکار اس کے گھر بھی پہنچے اور مبینہ طور پر زبردستی اسے ساتھ لے جانے کی کوشش کی۔
دانیال نے آئی جی سندھ، ڈی آئی جی میرپورخاص اور ایس ایس پی میرپورخاص سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے اور ایس ایچ او جنید میمن کو عہدے سے ہٹایا جائے۔ انہوں نے درخواست کی کہ میرواہ تھانے میں کسی ایماندار افسر کو تعینات کیا جائے تاکہ انصاف فراہم ہو۔
دانیال نے مزید کہا کہ اسے جھوٹے مقدمے میں پھنسایا جا رہا ہے اور اسے ایس ایچ او جنید قمر میمن اور ان کے عملے سے جان کا خطرہ ہے۔ اس نے اعلیٰ حکام سے درخواست کی ہے کہ اسے اور اس کے خاندان کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے تاکہ وہ بلا خوف زندگی گزار سکے۔
یہ واقعہ میرپورخاص میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے رویے اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے حوالے سے سوالات کو جنم دیتا ہے۔ عوامی حلقوں نے بھی واقعے کی آزادانہ تحقیقات اور پولیس اصلاحات کا مطالبہ کیا ہے۔