میرپورخاص (نامہ نگار سید شاہزیب شاہ کی رپورٹ) ایم کیو ایم پاکستان کا 41 واں یوم تاسیس ملک بھر کی طرح میرپورخاص میں بھی روایتی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ اس موقع پر سابق رکن رابطہ کمیٹی ڈاکٹر ظفر کمالی، انچارج ایس ٹی سی سلیم رزاق، رکن ایس ٹی سی شفیق احمد، ڈسٹرکٹ انچارج خالد تبسم اور ڈسٹرکٹ جوائنٹ انچارجز آفاق احمد خان اور سلیم میمن نے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ پاکستان کی واحد طلبہ تنظیم نے ملک کی بڑی سیاسی طاقت کو جنم دیا۔
41 برس قبل جو دیا جلایا گیا، آج اس کی روشنی ملک بھر میں پھیل چکی ہے۔ پختہ سوچ و تجربہ اور لازوال اتحاد کے ساتھ منزل کی جانب سفر جاری ہے۔ تحریکی شہداء اور اسیروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ تحریک کے پیغام کو گھر گھر پہنچانے کا عزم کرتے ہیں۔ منظم و مربوط انداز میں نہ صرف مہاجروں بلکہ تمام مظلوم قومیتوں کے حقوق کا دفاع کریں گے۔
یوم تاسیس کی خوشی میں ڈسٹرکٹ آفس میں کیک کاٹا گیا اور کارکنان میں مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ کمیٹی کے اراکین، ایلڈرز ونگ، شعبہ خواتین، اے پی ایم ایس او سمیت یوسیز کے ذمہ داران، کارکنان اور حق پرست بلدیاتی نمائندے کثیر تعداد میں موجود تھے۔