میرپور خاص (باغی ٹی وی،نامہ نگار سید شاہزیب شاہ کی رپورٹ)18 اکتوبرکو پیپلزپارٹی کا جلسہ،شہداء کی قربانیوں کو زندہ رکھنے کا عزم
تفصیل کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی ضلع میرپورخاص کی ایگزیکیٹیو کمیٹی کا اہم اجلاس ضلعی جنرل سیکریٹری جنید بلند کی زیرِ صدارت ٹالپر ہاؤس جی ایم ٹاؤن میں منعقد ہوا۔ اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک اور دعا سے کیا گیا۔
اجلاس میں ایم پی اے ہری رام کشوری لعل، نور احمد بھڑ گڑی، ضلع کونسل کے چیئرمین میر انور ٹالپر، میئر عبدالرؤف غوری، اور ڈپٹی میئر سمیرا بلوچ سمیت پارٹی کے دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔ اس موقع پر شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور پارٹی کے جیالوں کی جمہوریت کی بحالی کے لیے دی گئی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
اجلاس میں 18 اکتوبر کو منعقد ہونے والے جلسے میں بھرپور شرکت کا عزم کیا گیا۔ ضلعی جنرل سیکریٹری جنید بلند نے کہا کہ ہم تمام شہداءِ جمہوریت کو سلام پیش کرتے ہیں اور شہید بی بی کی جدو جہد ہمارے لیے باعث فخر ہے۔ انہوں نے چیئرمین بلاول بھٹو کی قیادت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ان کا بازو بن کر پارٹی کے لیے کام کرنا ہے۔
اجلاس میں ضلعی چیئرمین میر انور ٹالپر نے کہا کہ 18 اکتوبر کا دن ملکی تاریخ کا ایک بڑا سانحہ ہے اور ہم اس دن دہشتگردی کا شکار ہونے والے تمام شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
اجلاس میں پارٹی کے تمام عہدیداران، تعلقوں کے صدور، جنرل سیکریٹریز، اور پارٹی کی ذیلی تنظیموں کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔ شرکاء نے متحد ہو کر پارٹی کے لیے جدو جہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔