میرپورخاص (سید شاہزیب شاہ) سندھ یونائیٹڈ پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 27ویں آئینی ترمیم کے خلاف یومِ سیاہ منایا گیا، جس کے سلسلے میں پوسٹ آفس چوک سے ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں بڑی تعداد میں رہنماؤں اور کارکنان نے شرکت کی، جو بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے نعرے لگاتے ہوئے آگے بڑھ رہے تھے۔
ریلی کے مرکزی مقام پر پہنچتے ہی پولیس کی بھاری نفری نے اچانک دھاوا بول دیا، جس سے بھگدڑ مچ گئی۔ پولیس نے متعدد رہنماؤں اور کارکنان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار افراد میں آفتاب قریشی، لالا اظہر پٹھان، محمد خان مری سمیت دیگر کارکن شامل ہیں۔
اس دوران کارکنان کی جانب سے پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ پرامن احتجاج ان کا آئینی حق ہے، جبکہ پولیس کی کارروائی غیر جمہوری اور غیر قانونی ہے۔
پولیس نے مؤقف اختیار کیا کہ ریلی کی اجازت نہیں تھی، جس کے باعث کارروائی عمل میں لائی گئی۔ تاہم سیاسی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ گرفتاریاں احتجاج کو دبانے کی کوشش ہیں۔
شہر میں صورتحال بدستور کشیدہ ہے جبکہ مزید گرفتاریوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔








