میرپورخاص (باغی ٹی وی نامہ نگار سید شاہزیب شاہ) ڈپٹی کمشنر میرپورخاص ڈاکٹر رشید مسعود خان نے کہا ہے کہ پولیو مرض کے خاتمے کے لئے ہم میں سے ہر ایک کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ کیونکہ یہ ہمارے مستقبل کے معماروں کے روشن مستقبل سے جڑا ہوا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دربار ہال میں 21 اپریل سے 25 اپریل 2025 تک ہونے والی انسداد پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیو ایک وبائی مرض ہے جو ہمارے بچوں کو ہمیشہ کے لئے اپاہج بنا دیتا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ پولیو مرض کا خاتمہ کیا جائے۔ جس کے لیے تمام اداروں کو کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ ڈپٹی کمشنر میرپورخاص ڈاکٹر رشید مسعود خان نے تعلقہ سپروائزروں کو سختی سے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں پولیو مہم میں پولیو کاموں کی موثر نگرانی کریں۔ انکاری کیسز اور موجود نہ ہونے والے پولیو کیسز ہونے کے ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر امجد اعظم بلوچ، ضلعی فوکل پرسن پولیو پروگرام ڈاکٹر نارائن داس، ضلعی کنٹرول روم پولیو پروگرام کے فوکل پرسن ڈاکٹر راجیش کمار نے بتایا کہ پولیو مہم کے دوران 6 تحصیلوں کے 41 یونین کونسلز کے 3 لاکھ 48 ہزار 463 پیدائش سے لے کر پانچ سال تک کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں 249 یو سی ایم اوز، 53 ٹرانزٹ ٹیمیں، 97 فکسڈ ٹیمیں اور 1090 موبائل ٹیمیں اور 766 لیڈی ہیلتھ ورکرز گھر گھر جا کر پیدائش سے پانچ سال تک کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گی۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون محمد علی بلوچ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو فیصل علی سومرو، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سجن راہموں، اسسٹنٹ کمشنر شجاع آباد مہوش اعجاز، اسسٹنٹ کمشنر میرپورخاص غلام حسین کانہیو، اسسٹنٹ کمشنر سندھڑی عبدالغفار لاکھیر، ایریا کوآرڈینیٹر ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر تہور حسین، ڈپٹی ڈائریکٹر پرائیویٹ اسکولز رجسٹریشن انسٹی ٹیوٹ سید خان محمد شاہ، لیڈی ہیلتھ ورکرز پروگرام انچارج ڈاکٹر بینظیر اور تعلقہ سپروائزرز اور ہینڈز کے ڈسٹرکٹ مینیجر مظہر حسین کپری سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔