میرپور خاص (باغی ٹی وی،نامہ نگارسیدشاہزیب شاہ) پاکستان تحریک انصاف میرپور خاص کے انصاف ہاؤس میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت پی ٹی آئی میرپور خاص کے ڈویژنل صدر آفتاب حسین قریشی نے کی۔ اجلاس کا مقصد 24 نومبر کو اسلام آباد میں ہونے والے دھرنے کے انتظامات اور حکمت عملی کو حتمی شکل دینا تھا۔ اس موقع پر دھرنے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کارکنان کو متحرک کرنے اور ان کی بھرپور شرکت یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔
آفتاب حسین قریشی نے کہا کہ یہ دھرنا عوامی حقوق کے تحفظ اور حقیقی آزادی کی تحریک کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکنان کو نہ صرف دھرنے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے بلکہ عوام کو اس تحریک کی اہمیت سے آگاہ کرنے کے لیے بھی سرگرم رہنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ وقت عوامی حقوق کے لیے کھڑے ہونے کا ہے اور ہر کارکن کو اس مقصد کے لیے اپنے کردار کو نبھانا ہوگا۔
اجلاس میں پی ٹی آئی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں نے شرکت کی۔ ان میں سندھ وومن جنرل سیکرٹری کنول اعجاز، ڈویژن ایڈیشنل جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ اعجاز احمد رندھاوا، ڈسٹرکٹ صدر احسان جروار، جنرل سیکرٹری عزیز لغاری، لیبر ونگ کے ڈویژن صدر حمید راجپوت، تعلقہ حسین بخش مری کے صدر امان اللہ دل، جنرل سیکرٹری سہیل گدی، تعلقہ کوٹ غلام محمد کے صدر علی رضا قائمخانی، تعلقہ سندھڑی کے صدر اسد ہالیپوٹو اور جنرل سیکرٹری مراد کیریو شامل تھے۔
اس موقع پر سابقہ دونوں ٹاؤنز کے عہدیداران، مختلف تعلقوں اور یوسیز کے عہدیداران، لیبر ونگ اور دیگر ونگز کے عہدیداران سمیت پی ٹی آئی کے ٹائیگرز، سپورٹرز اور کارکنان بھی بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔ شرکاء نے دھرنے میں بھرپور شرکت اور اپنی ذمہ داریوں کو نبھانے کا عزم کیا۔








