میرپورخاص،باغی ٹی وی (نامہ نگار سید شاہزیب شاہ) میرپورخاص میں صفائی کی ناقص صورتحال پر شہریوں اور تاجروں کا شدید احتجاج، میئر اور یو سی چیئرمین ایک دوسرے پر ذمہ داری ڈالنے لگے۔

بھانسنگھ آباد کے مکین اور دکاندار غلاظت کے ڈھیر اور گندے پانی کے جوہڑوں میں گھرے ہوئے ہیں، مگر میونسپل انتظامیہ اور منتخب نمائندے خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔

جامع فضل ربی مسجد کے خطیب مفتی ایوب سکندری نے انتظامیہ کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر جمعرات سے پہلے صفائی نہ ہوئی تو احتجاج کریں گے اور میونسپل حکام کو بتائیں گے کہ حق کیسے لیا جاتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شب برأت عبادت اور توبہ کا موقع ہے، لیکن گندگی اور تعفن نے شہریوں کو پریشان کر رکھا ہے۔ انہوں نے میئر میرپورخاص عبدالرؤف غوری کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ پھولوں کی نمائش کے اجلاس کر رہے ہیں جبکہ شہری بدبو اور گندگی میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

دکانداروں کا کہنا ہے کہ میئر اور یو سی چیئرمین ایک دوسرے پر ذمہ داری ڈال رہے ہیں، عوام جائے تو کہاں جائے؟۔ یو سی چیئرمین رزاق ہاشوانی نے عارضی طور پر مسئلہ حل کیا، مگر دو دن بعد ہی ڈرینج کا پانی دوبارہ سڑکوں پر آ گیا۔

عوام نے الزام لگایا کہ فنڈز آ رہے ہیں، مگر شہریوں کو اس کا فائدہ نہیں پہنچ رہا، تمام پیسے انتظامیہ ہڑپ کر جاتی ہے۔ دوسری جانب میئر میرپورخاص عبدالرؤف غوری کا مؤقف ہے کہ اب صفائی کا کام یونین کونسل چیئرمینوں کی ذمہ داری ہے۔

شہریوں نے حکام بالا سے فوری ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ صفائی کی صورتحال کو بہتر بنایا جا سکے اور عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

Shares: