میرپورخاص(باغی ٹی وی، نامہ نگار سید شاہزیب شاہ)عالمی یوم خواندگی پر ریلی اور پروگرام کا انعقاد

عالمی یوم خواندگی کے موقع پر میرپورخاص میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (لٹریسی) ڈاکٹر پروفیسر چمن منشاء کی قیادت میں ایک آگاہی ریلی نکالی گئی۔ یہ ریلی بینظیر بھٹو شہید گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری اسکول سے شروع ہو کر پریس کلب تک پہنچی۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر چمن منشاء نے کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد تعلیم کو عام کرنا، بالخصوص بچیوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم کے بغیر موجودہ دور میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت (آرٹیفیشل انٹیلیجنس) کی ترقی کا مقابلہ کرنا ناممکن ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ بچوں کو ڈیجیٹل اور سائنسی تعلیم دینا بہت ضروری ہے۔

ڈاکٹر چمن منشاء نے بتایا کہ وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ کی سرپرستی میں ضلع بھر میں تھر ایجوکیشن الائنس، سندھ مدرسہ بورڈ اور این ڈی ایف کے تعاون سے 100 نان فارمل ایجوکیشن سینٹر چل رہے ہیں، جہاں 9 سے 16 سال کی عمر کے بچے مفت تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع میں خواندگی کی شرح 53 فیصد ہے۔

ریلی سے تعلقہ ایجوکیشن آفیسر سلیمان گرگیز، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن غلام رضا کھوسو، پرنسپل مس فرزانہ، تھر ایجوکیشن الائنس کے ڈسٹرکٹ فوکل پرسن رحمت اللہ، ایم ڈی ایف کے فوکل پرسن امید علی ارباب، محمد اقبال، محمد بچل وسان اور دیگر مقررین نے بھی تعلیم کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے عوام، خاص طور پر والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو سرکاری اسکولوں میں داخل کروائیں جہاں تجربہ کار اساتذہ کی نگرانی میں مفت تعلیم فراہم کی جا رہی ہے۔

ریلی میں اساتذہ، طلبہ و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ بعد میں پیپلز اسکول میں بھی عالمی خواندگی دن کے حوالے سے ایک آگاہی پروگرام منعقد کیا گیا۔

Shares: