میرپورخاص (باغی ٹی وی نامہ نگار سید شاہزیب شاہ)میرپورخاص میں دیہی خواتین کی دستکاریوں کی ایک روزہ نمائش، صوبائی وزیر سماجی بہبود کی شرکت متوقع

23 مئی کو میرپورخاص میں دیہی خواتین کی دستکاریوں کو اجاگر کرنے اور انہیں ان کی محنت کا حقیقی منافع دلانے کے لیے ایک روزہ نمائش کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس نمائش کا افتتاح صوبائی وزیر سماجی بہبود میر طارق ٹالپر کریں گے۔ یہ بات ایڈیشنل کمشنر ٹو سید ابرار علی شاہ نے کمشنر کمیٹی ہال میں پریس بریفنگ کے دوران بتائی۔

ابرار علی شاہ نے بتایا کہ اس نمائش کا مقصد دیہی خواتین کی دستکاریوں کو مارکیٹ میں متعارف کروا کر مڈل مین کے کردار کو ختم کرنا اور خواتین کو ان کا جائز معاوضہ فراہم کرنا ہے۔ نمائش میں میرپورخاص، عمرکوٹ اور تھرپارکر کی 200 سے زائد دیہی خواتین نے حصہ لیا ہے جن میں سے 100 خواتین کو موقع دیا جائے گا کہ وہ اپنی دستکاری پیش کریں۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ میرپورخاص میں پہلی بار ڈویژنل انتظامیہ کی طرف سے شہر کے بڑے شاپنگ مالز میں دستکاری کے کارنر قائم کیے گئے ہیں تاکہ دیہی خواتین کے ہنر کو فروغ دیا جا سکے اور انہیں ان کا اصل حق دیا جا سکے۔

Shares: