میرپورخاص (باغی ٹی وی، نامہ نگار سید شاہزیب شاہ)4 اگست 2025 کو یومِ شہداء سندھ پولیس کے موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس میرپورخاص کی جانب سے ایک عظیم الشان اور باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کا مقصد ان بہادر پولیس اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرنا تھا، جنہوں نے اپنے فرائض کی ادائیگی کے دوران جانوں کے نذرانے پیش کیے اور اپنی قربانیوں سے قوم کے امن کو یقینی بنایا۔
تقریب میں شہداء کی فیملیز کو خصوصی پروٹوکول کے ساتھ مدعو کیا گیا، جن کی موجودگی نے تقریب کو مزید پراثر اور جذباتی بنا دیا۔ اس موقع پر کئی معزز مہمانوں نے شرکت کی جن میں رکن قومی اسمبلی پیر آفتاب شاہ جیلانی، چیئرمین ضلع کونسل میرپورخاص نوابزادہ میر انور خان تالپور، کمشنر میرپورخاص فیصل احمد عقیلی، میئر میرپورخاص عبدالرؤف غوری، ڈی آئی جی میرپورخاص رینج محمد زبیر دریشک، ایس ایس پی میرپورخاص ڈاکٹر سمیر نور چنہ، ایس پی جیل و اصلاحی ادارہ جات اشفاق احمد کلوڑ، اور ایس پی ہیڈکوارٹر فضل حق چانڈیو شامل تھے۔
تقریب میں سول سوسائٹی، تاجر برادری، مذہبی علماء اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے شہداء کی قربانیوں کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پولیس اہلکاروں کی یہ لازوال قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جائیں گی۔
ایس ایس پی میرپورخاص ڈاکٹر سمیر نور چنہ نے اپنے خطاب میں کہا:
"ہماری پولیس فورس کے شہداء قوم کا فخر ہیں۔ انہوں نے امن کے قیام، دہشت گردی کے خاتمے اور قانون کی بالادستی کے لیے جو قربانیاں دیں، وہ ناقابلِ فراموش ہیں۔”
تقریب کے اختتام پر شہداء کے درجات کی بلندی اور ملک کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
یومِ شہداء سندھ پولیس ہمیں یاد دلاتا ہے کہ جو امن آج ہمیں میسر ہے، وہ ان ہی جاں نثاروں کے خون کی بدولت ہے جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر وطن کو محفوظ بنایا۔








