میرپورخاص (باغی ٹی وی ،نامہ نگار سید شاہزیب شاہ) ایس ایس پی میرپورخاص جناب شبیر احمد سیٹھار نے سی آئی اے سینٹر، 15 مددگار سینٹر، پولیس فیسلیٹیشن سینٹر، تھانہ ٹاؤن، تھانہ غریب آباد، تھانہ وومین، اور تھانہ سٹلائٹ ٹاؤن کا دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد پولیس اسٹیشنز اور متعلقہ سینٹرز کی کارکردگی کا جائزہ لینا اور ان کے محکمانہ امور کی تفصیل سے آگاہی حاصل کرنا تھا۔
ایس ایس پی شبیر احمد سیٹھار نے اپنے دورے کے دوران تمام پولیس اسٹیشنز کے مختلف امور کا تفصیلی معائنہ کیا اور پولیس کی تعیناتی کے حوالے سے بریفنگ لی۔ انہوں نے روزنامچہ عام، ایف آئی آر رجسٹرز اور دیگر اہم دستاویزات کا بھی جائزہ لیا تاکہ محکمہ پولیس کی کارکردگی کا صحیح اندازہ ہو سکے۔
ایس ایس پی میرپورخاص نے اس موقع پر تمام افسران اور جوانوں کو ہدایت کی کہ منشیات فروشوں کے خلاف فوری اور سخت کارروائیاں کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لیے پولیس اہلکاروں کو اپنی ذمہ داریاں انتہائی فرض شناسی کے ساتھ انجام دینی چاہیے۔ ایس ایس پی نے زور دیا کہ عوام کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں، تاکہ عوام کا پولیس پر اعتماد بحال رہے۔
ایس ایس پی نے تمام ایس ایچ اوز کو سخت ہدایات جاری کیں کہ شہر میں پیٹرولنگ اور پکٹنگ کے عمل کو مؤثر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مشتبہ افراد پر کڑی نظر رکھی جائے تاکہ کسی بھی قسم کے جرم کو روکا جا سکے۔ عوام کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے پولیس کو دن رات مستعد رہنے اور ہر مشتبہ حرکت پر فوری کارروائی کرنے کا حکم دیا۔
ایس ایس پی شبیر احمد سیٹھارنے پولیس کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے جامع ہدایات جاری کیں اور عوام کو یقین دلایا کہ ان کی حفاظت پولیس کی اولین ترجیح ہے۔