میرپورخاص(باغی ٹی وی،نامہ نگارسیدشاہزیب شاہ) چوری شدہ موبائل کی خرید و فروخت روکنے کے لیے ایس او پی نافذ، خلاف ورزی پر کارروائی کا آغاز
تفصیل کے مطابق ایس ایس پی میرپورخاص شبیر سیٹھار نے موبائل مارکیٹ میں چوری شدہ موبائل فونز کی خرید و فروخت روکنے کے لیے ایس او پی تیار کرلی ہے، جس پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اس حوالے سے جمعہ کے روز بند مارکیٹ میں موبائل فون کی غیر قانونی خرید و فروخت کے خلاف کریک ڈاؤن کیا گیا، جس میں 15 مددگار پولیس نے 20 افراد کو حراست میں لے کر 30 سے زائد موبائل فونز برآمد کر لیے۔
ایس ایس پی شبیر سیٹھار نے کہا کہ دکانداروں کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ ہر موبائل فروخت کرنے والے سے قومی شناختی کارڈ کی کاپی جمع کریں، بصورت دیگر استعمال شدہ موبائل فون نہ خریدیں۔ جمعہ کے روز مارکیٹ بند ہونے پر چوری شدہ موبائل فونز کی فروخت روکنے کے لیے کارروائیاں کی جائیں گی، جو دوکانداروں اور عوام کی سہولت کے لیے ضروری ہے۔








