میرپورخاص (باغی ٹی وی نامہ نگار سید شاہزیب شاہ)سندھ کی سیاست میں جہاں ذاتی رنجشیں، سیاسی مخالفت، کاروباری مفادات اور انتقامی مقدمات عام ہو چکے ہیں، وہیں کچھ سیاستدان ایسے بھی ہیں جو ان روایات سے ہٹ کر اصولوں، میرٹ اور عوامی خدمت کو ترجیح دے رہے ہیں۔ ان میں سینئر سیاستدان سید علی نواز شاہ کا نام نمایاں ہے، جنہوں نے اپنے حلقے میں سیاسی رواداری، ترقیاتی عمل اور شفاف طرز حکمرانی کو فروغ دے کر نئی سیاسی روایت قائم کی ہے۔

ذرائع کے مطابق، سید علی نواز شاہ کے دور میں نہ صرف روزگار کے مواقع فراہم کیے گئے بلکہ محکمانہ انتقامی کارروائیوں کا بھی خاتمہ ہوا۔ ان کی قیادت میں متعدد ترقیاتی منصوبے مکمل ہوئے، جن میں سڑکوں کی تعمیر، اسکولوں کی بہتری، اسپتالوں کی اپ گریڈیشن اور صاف پانی کی اسکیمیں شامل ہیں۔ ان منصوبوں کے ثمرات حلقے کے عام شہری تک پہنچے ہیں، جسے عوامی حلقوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی۔

سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ ایک جانب بعض مخالفین عوامی مقبولیت سے خائف ہو کر جھوٹے الزامات اور منفی پروپیگنڈے کا سہارا لے رہے ہیں، وہیں سید علی نواز شاہ نے صبر، شفافیت اور خدمات کے ذریعے عوامی حمایت میں نہ صرف اضافہ کیا بلکہ نوجوانوں، محنت کشوں اور روزگار کے متلاشی افراد کا اعتماد بھی حاصل کیا۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ اب وقت بدل چکا ہے، عوام روایتی اور انتقامی سیاست سے بیزار ہو چکے ہیں اور ایسی قیادت کو پسند کرتے ہیں جو دیانتداری، میرٹ اور عوامی فلاح کے اصولوں پر کاربند ہو۔ یہی وجہ ہے کہ سید علی نواز شاہ جیسے رہنما عوام کے دلوں میں اپنی جگہ بنا رہے ہیں۔

سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق اگر یہی رجحان برقرار رہا تو سندھ کی سیاست میں مثبت تبدیلی کا امکان روشن ہے، جہاں اقربا پروری، ذاتی انتقام اور سیاسی استحصال کی جگہ حقیقی عوامی خدمت کو فوقیت حاصل ہو گی۔ سید علی نواز شاہ کا موجودہ طرز سیاست اس تبدیلی کی واضح علامت بن کر ابھر رہا ہے۔

Shares: