میرپورخاص،باغی ٹی وی (نامہ نگارسیدشاہزیب شاہ کی رپورٹ) مہنگائی کے طوفان نے عوام کی چیخیں نکال دیں، ضلعی انتظامیہ بے بس

تفصیلات کے مطابق میرپورخاص میں مہنگائی کا نیا طوفان نے شہر بھر میں عوام کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے، جس سے روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوگیا ہے۔ گوشت، سبزیاں، دالیں، گھی، تیل اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں یکمشت اضافے نے عوام کی قوتِ خرید کو سخت متاثر کیا ہے اور ضلعی انتظامیہ قیمتوں پر کنٹرول کرنے میں ناکام ہو گئی ہے۔

میرپورخاص میں گوشت، سبزیوں، دالوں، گھی، تیل اور دیگر روزمرہ اشیاء کی قیمتوں میں اچانک 80 سے 100 روپے تک کا اضافہ ہوگیا ہے۔ پیاز کی قیمت 150 روپے فی کلو، لہسن 680 روپے فی کلو، ادرک 480 روپے فی کلو اور ٹماٹر 180 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہے ہیں۔ اسی طرح مرغی کا گوشت بھی 660 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت ہو رہا ہے، جس نے عوام کی چیخیں نکال دی ہیں۔

مصالحہ جات اور دیگر ضروری اشیاء کی قیمتوں میں بھی ہوشربا اضافہ کیا گیا ہے، جس نے شہریوں کی زندگی مزید دشوار کر دی ہے۔ دوسری جانب ضلعی انتظامیہ قیمتوں پر کنٹرول کرنے میں بری طرح ناکام ہو گئی ہے، جس سے عوام میں شدید بے چینی اور احتجاج کا ماحول ہے۔

میرپورخاص کی عوام حکومت سندھ، کمشنر اور ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ فوری طور پر روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں پر قابو پائیں اور منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کریں تاکہ غریب عوام کو ریلیف مل سکے۔

Shares: