میرپورخاص (باغی ٹی وی نامہ نگار سید شاہزیب شاہ)یوسی 5 سمنا آباد، تعلقہ شجاع آباد میں گٹروں کے پانی کا پھیلاؤ اور جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر شہریوں کے لیے عذاب بن گئے۔ مقامی مسجد کے امام اور علاقہ مکینوں نے منتخب نمائندوں کی عدم توجہی اور وعدہ خلافیوں پر شدید احتجاج کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق یوسی 5 کے مختلف علاقوں میں صفائی کا کوئی انتظام نظر نہیں آتا، نالیاں گندے پانی سے ابل رہی ہیں جبکہ گٹر کا پانی سڑکوں پر بہنے سے نمازیوں کو مسجد جانے میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔ علاقہ کی مرکزی مسجد کے امام کا کہنا ہے کہ نالیوں کے مسائل پر متعدد بار یوسی چیئرمین سے رجوع کیا گیا، جنہوں نے الیکشن سے قبل ہر مسئلہ حل کرنے کا وعدہ کیا تھا، مگر کامیابی کے بعد نہ صرف وہ غائب ہو گئے بلکہ علاقے کے مسائل بد سے بدتر ہو گئے۔

دوسری جانب شہریوں نے بتایا کہ میئر عبدالرؤف غوری نے بھی کچھ عرصہ قبل سمنا آباد کا دورہ کیا تھا اور نالیوں کے نظام کو فوری درست کرنے کا وعدہ کیا تھا، تاہم پانچ ماہ گزر جانے کے باوجود کوئی عملی اقدام نہ ہو سکا۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ یوسی چیئرمین کو ماہانہ 12 لاکھ روپے کے فنڈز ملتے ہیں، مگر یہ فنڈز کہاں خرچ ہو رہے ہیں، اس کا کوئی جوابدہ نظر نہیں آتا۔

علاقہ مکینوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ یوسی 5 میں صفائی کی صورتحال کو فوری بہتر بنایا جائے، نالیاں اور گٹروں کی مرمت کی جائے اور منتخب نمائندوں کو جوابدہ بنایا جائے، کیونکہ بنیادی سہولیات سے محرومی شہریوں کے صبر کا پیمانہ لبریز کر رہی ہے۔ سوال تو بنتا ہے: عوام کا پیسہ آخر کہاں جا رہا ہے؟

Shares: