میرپورخاص (باغی ٹی وی نامہ نگار سید شاہزیب شاہ)حق پرست رکن قومی اسمبلی و رکن اسٹینڈنگ کمیٹی برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و ریاستیں و دفاعی پیداوار انجینئر عبدالعلیم خانزادہ نے میرپورخاص کا دورہ کیا اور ایم کیو ایم پاکستان میرپورخاص ڈسٹرکٹ کے انچارج خالد تبسم، جوائنٹ انچارجز آفاق احمد خان، سلیم میمن اور ڈسٹرکٹ کمیٹی کے دیگر اراکین سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں میرپورخاص کے دیرینہ عوامی مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

اجلاس میں نیو سول اسپتال میرپورخاص میں مریضوں کو درپیش سہولیات کی کمی، اسپیشلسٹ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی خالی آسامیوں پر تعیناتی، امراض قلب کے علاج کے لیے این آئی سی وی ڈی اور ٹراما سینٹر و این آئی سی ایچ اسپتال کے قیام پر زور دیا گیا۔ گیس کی عدم فراہمی، پرانا اور خستہ گیس انفرااسٹرکچر، حادثات کا خدشہ اور متعلقہ حکام کی غفلت جیسے معاملات بھی زیر بحث آئے۔

ریلوے کے شعبے میں مہران اور شاہ لطیف ایکسپریس کی سہولیات میں کمی، ٹرینوں کے اوقات اور بوگیوں کی حالت زار، اور حیدرآباد-میرپورخاص کے درمیان چلنے والی ٹرینوں کی تعداد بڑھانے کی تجاویز پیش کی گئیں۔ تعلیمی بورڈ میرپورخاص کے ریٹائرڈ ملازمین کے بقایا جات، موجودہ ملازمین کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی جیسے مسائل بھی اٹھائے گئے۔

میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ ایم کیو ایم کی حق پرست قیادت ان تمام مسائل کے حل کے لیے قومی و صوبائی اسمبلی میں آواز اٹھائے گی اور متعلقہ اداروں سے فوری رابطے کیے جائیں گے تاکہ میرپورخاص کے عوام کو جلد از جلد ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

Shares: