میرپور ماتھیلو (باغی ٹی وی نامہ نگار مشتاق علی لغاری)گھوٹکی پولیس نے میرپور ماتھیلو سے لاپتہ ہونے والے دو کمسن بچوں کو بحفاظت بازیاب کر کے ان کے والدین کے حوالے کر دیا۔ ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو کی ہدایت پر یہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔

تفصیلات کے مطابق، دو روز قبل میرپور ماتھیلو کے رہائشی اللہ ڈنو چاچڑ اور ربنواز چاچڑ نے تھانہ میرپور ماتھیلو میں اطلاع درج کروائی کہ ان کے دو بچے، اسرار ولد اللہ ڈنو چاچڑ اور دلبر ولد ربنواز چاچڑ گھر سے ناراض ہو کر نکل گئے ہیں اور کافی تلاش کے باوجود نہیں ملے۔

ایس ایچ او تھانہ میرپور ماتھیلو لیاقت علی لاشاری نے فوری طور پر اس واقعے کی اطلاع جہانگیر بیس کنٹرول کو دی اور بچوں کی تلاش کے لیے ضلع گھوٹکی کے دیگر تھانوں کو بھی مطلع کیا۔ آج، ایس ایچ او لیاقت علی لاشاری نے اپنے ذرائع کا استعمال کرتے ہوئے دونوں بچوں کو پیر پکھڑوئی لعل کی درگاہ سے بازیاب کر لیا۔

بچوں کے اہل خانہ نے ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی کاوشوں سے ہی ان کے بچے واپس مل سکے۔ ایس ایس پی گھوٹکی نے اس کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او میرپور ماتھیلو لیاقت علی لاشاری اور ان کی ٹیم کو شاباش دی۔

Shares: