میرپورماتھیلو: رونتی کچے میں پولیس آپریشن، جوابی کارروائی میں ڈاکوؤں کا حملہ ناکام
میرپورماتھیلو،باغی ٹی وی(نامہ نگارمشتاق لغاری) رونتی کچے میں پولیس کے کامیاب آپریشن کے ردعمل میں ڈاکوؤں نے بیلو میرپور تھانے کی حدود میں پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کر دیا۔ تاہم، مستعد پولیس اہلکاروں نے بہادری سے حملہ ناکام بنا دیا۔
ڈی آئی جی سکھر کیپٹن (ر) فیصل عبداللہ چاچڑ کی ہدایت پر کیے گئے آپریشن میں چار خطرناک ڈاکو زخمی ہوئے، جس کے بعد ڈاکوؤں نے جوابی کارروائی کی۔ پولیس چیک پوسٹ پر تعینات اہلکاروں نے بھرپور مزاحمت کی، جبکہ گشت پر مامور پولیس موبائل کے پہنچنے پر دو طرفہ فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے نتیجے میں پولیس موبائل کو گولیاں لگیں، مگر تمام اہلکار محفوظ رہے۔ مزید ڈاکوؤں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، اور اضافی نفری طلب کر لی گئی ہے تاکہ ملزمان کو فرار ہونے کا موقع نہ ملے۔
ڈی آئی جی سکھر نے بہادری سے مقابلہ کرنے والے پولیس جوانوں اور کمانڈوز کی جرات کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی۔