میرپورماتھیلو)باغی ٹی وی ،ںامہ نگارمشتاق لغاری): پیپلز پارٹی کے شعبہ خواتین کی مرکزی صدر و ایم پی اے فریال تالپور سے صوبائی وزراء اور ارکان اسمبلی نے ان کی رہائشگاہ زرداری ہاؤس کراچی میں ملاقات کی۔ اس موقع پر پی پی پی ایم این اے علی گوہر خان مہر اور ایم پی اے علی نواز خان مہر نے فریال تالپور کو عمرہ کی سعادت حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔
ملاقات میں ضلع گھوٹکی کی سیاسی و تنظیمی صورتحال اور ترقیاتی اسکیموں کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔ اس کے علاوہ، صوبائی وزراء شرجیل میمن، ناصر حسین شاہ، ضیاء الحسن لنجار اور ایم پی اے سہیل انور سیال نے بھی فریال تالپور سے ملاقات کی اور سندھ کے وزراء نے بھی عمرہ کی سعادت حاصل کرنے پر انہیں مبارکباد دی۔
ملاقات کے دوران سندھ سمیت ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور تنظیمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فریال تالپور نے اس موقع پر کہا کہ پیپلز پارٹی کے وزراء اور ارکان اسمبلی کو یہ یقینی بنانا چاہیے کہ بارش متاثرہ علاقوں کو حکومتی امداد سے محروم نہ رکھا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت اور جیالوں کا شعار عوامی خدمت اور جمہوریت کو مضبوط بنانا ہے۔