مصباح الحق نے کیا راولپنڈی ٹیسٹ کے لیے 16 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان ،کون بنا کپتان؟

0
35

مصباح الحق نے کیا راولپنڈی ٹیسٹ کے لیے 16 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان ،کون بنا کپتان؟
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر مصباح الحق نے بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لئے قومی سکواڈ کا اعلان کر دیا

قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی نے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے 16 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 7 سے 11 فروری تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔

اس موقع پر آف اسپنر بلال آصف کی قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔ بلال آصف نے قائداعظم ٹرافی کے 9 میچوں میں 43 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ سلیکشن کمیٹی نے آلراؤنڈر فہیم اشرف کو بھی اسکواڈ میں شامل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ فہیم اشرف نے قائداعظم ٹرافی کے فائنل میں ناردرن کے خلاف 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔

سری لنکا کے خلاف قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل دو کرکٹرز کاشف بھٹی اور عثمان شنواری کو بنگلہ دیش کےخلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شامل نہیں کیا گیا تاہم دونوں کھلاڑی طویل طرز کی کرکٹ میں مستقبل کی حکمت عملی کا حصہ رہیں گے۔ سلیکشن کمیٹی نے دونوں کھلاڑیوں کو ٹریننگ اور پریکٹس جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

کاشف بھٹی سری لنکا کےخلاف سیریز میں کوئی میچ نہیں کھیل سکے جبکہ عثمان شنواری نے راولپنڈی ٹیسٹ میں 54 رنز کے عوض 1 وکٹ حاصل کی تھی۔

اسکواڈ:

اظہر علی، سنٹرل پنجاب (کپتان)، عابد علی (سندھ)، اسد شفیق (سندھ)، بابراعظم (سنٹرل پنجاب)، بلال آصف (سنٹرل پنجاب)، فہیم اشرف (سنٹرل پنجاب)، فواد عالم (سندھ)، حارث سہیل (بلوچستان)، امام الحق (بلوچستان)، عمران خان سینئر (خیبرپختونخوا)، محمد عباس (سدرن پنجاب)، محمد رضوان (خیبرپختونخوا)، نسیم شاہ (سنٹرل پنجاب)، شاہین شاہ آفریدی (ناردرن)، شان مسعود (سدرن پنجاب) اور یاسر شاہ (بلوچستان)۔

مصباح الحق، ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر قومی کرکٹ ٹیم:

قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اورچیف سلیکٹر مصباح الحق نے کہاکہ سلیکشن کمیٹی نےبنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے موزوں ترین کھلاڑیوں کا انتخاب کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یقیناََ اسکواڈ سے ڈراپ ہونے پر دونوں کھلاڑیوں مایوس ہوں گے مگر یقین دلاتے ہیں کہ کاشف بھٹی اور عثمان شنواری، طویل طرز کی کرکٹ میں ہماری مستقبل کے حوالے سے حکمت عملی کا مکمل حصہ ہیں۔

انہوں نےمزید کہا کہ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے ٹاپ اور مڈل آرڈر میں بائیں ہاتھ کے بلے بازوں کی کثیر تعداد ہونے کے باعث کاشف بھٹی کی جگہ دائیں ہاتھ کے آف اسپنر بلال آصف کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ فہیم اشرف کو آلراؤنڈ صلاحیت کی بنیادپر عثمان شنواری پر ترجیح دی گئی ہے۔

مصباح الحق نے کہاکہ کراچی میں فتح کے بعد وہ اسکواڈ میں زیادہ تبدیلیوں کے حق میں نہیں تھے مگر وکٹ کو پیش نظر رکھتے ہوئے اپنی تیاری مکمل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

مصباح الحق کا کہنا ہے کہ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کامیابی سے پاکستان نے 2019 کا فاتحانہ اختتام کیا جبکہ 2020 کی پہلی سیریز میں بھی پاکستان نے بنگلہ دیش کو ٹی ٹونٹی سیریز میں شکست دی، پر امید ہیں کہ پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم، بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کا آغاز بھی فتح سے ہوگا۔

قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہاکہ ان کا ہدف آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں زیادہ سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواہش ہے پاکستان کرکٹ ٹیم آئی سی سی ورلڈٹیسٹ چیمپئن شپ کی دو بہترین ٹیموں میں شامل ہو۔

پاکستان کرکٹ ٹیم 3 فروری کو راولپنڈی روانہ ہوگی جہاں قومی اسکواڈ ٹریننگ کا آغاز 4 فروری کو کرے گا۔

Leave a reply