خیبرپختونخوا اسمبلی میں سینیٹ کے ضمنی الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کی مشال یوسفزئی کامیاب ہوکر سینیٹر منتخب ہوگئیں، سینیٹ کی یہ نشست پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سینیٹر ثانیہ نشتر کے استعفیٰ کے بعد خالی ہوئی تھی۔

خیبرپختونخوا اسمبلی میں سینیٹ کی خالی نشست پر انتخاب میں پی ٹی آئی کی امیدوار مشعال یوسفزئی کو 86 ووٹ ملے جبکہ اپوزیشن کی امیدوار مہتاب ظفر نے 53 ووٹ حاصل کیے،سینٹ کی مذکورہ نشست ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی ریٹائرمنٹ پر خالی ہوئی تھی، انتخاب میں کسی بھی امیدوار کو جیتنے کے لیے 73 ووٹ درکارتھے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ضمنی سینیٹ الیکشن کیلئے خیبر پختونخوا اسمبلی میں پولنگ شام 4 بجے تک جاری رہی،خیبرپختونخوا اسمبلی میں ایوان کی کل تعداد 145 ہے، جس میں پی ٹی آئی حکومتی اراکین کی تعداد 92 جبکہ اپوزیشن اراکین کی تعداد 53 ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) اور جے یو آئی کے اراکین کی تعداد 18، 18 ہے، پاکستان پیپلز پارٹی کے 10، عوامی نیشنل پارٹی کے 4 اور پی ٹی آئی پارلیمنٹرین کے اراکین کی تعداد 3 ہےخیال کیا جارہا تھا کہ خواتین کی مخصوص نشست پر مشعال یوسفزئی کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے کیونکہ آزاد امیدوار مہتاب ظفر متحدہ اپوزیشن کی امیدوار بن گئی تھیں جبکہ تحریک انصاف کی جانب سے آزاد امیدوار صائمہ خالد بھی میدان میں موجود تھیں۔

Shares: