وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی مشیر مشعال یوسفزئی پی ٹی آئی کور کمیٹی سے فارغ، مشعال یوسفزئی کی تردید
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی مشیر مشعال یوسفزئی کو پارٹی امور میں مبینہ مداخلت کی شکایات کے باعث پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کور کمیٹی سے فارغ کر دیا گیا ہے۔ عمران خان نے مشعال یوسفزئی کو پارٹی امور میں مداخلت نہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے انہیں ایک ماہ تک پارٹی معاملات پر میڈیا میں گفتگو سے اجتناب کرنے کا بھی کہا ہے۔ذرائع کے مطابق، عمران خان نے مشعال یوسفزئی کی پارٹی امور میں مداخلت کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے انہیں اپنی سرگرمیاں محدود کرنے کی ہدایت کی۔ مشعال یوسفزئی کے رویے کا جائزہ لیا جائے گا، اور ان کی خیبرپختونخوا کی کابینہ میں موجودگی پر فیصلہ کیا جائے گا۔
مشعال یوسفزئی پر الزام ہے کہ انہوں نے پنجاب کی تنظیم میں تبدیلیوں، پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر حافظ فرحت عباس کی تبدیلی اور شیر افضل مروت کی پارٹی میں واپسی سے متعلق رائے دی۔ ان الزامات کی وجہ سے عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بیگم نے مشعال یوسفزئی کی سیاسی امور میں مداخلت پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا، اور کہا کہ اگر بشریٰ بیگم سیاست سے دور رہتی ہیں تو مشعال یوسفزئی کو بھی سیاست سے اجتناب کرنا چاہیے۔پارٹی کی ایک اہم شخصیت نے بتایا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اہم معلومات مشعال یوسفزئی کے ذریعے عمران خان تک پہنچاتے ہیں، جس سے یہ تاثر مل رہا تھا کہ مشعال یوسفزئی بشریٰ بیگم کے قریب ہیں اور وہ پارٹی معاملات میں مداخلت کرتی ہیں۔ بشریٰ بیگم نے اس تاثر پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا، جس کے بعد مشعال یوسفزئی کو کور کمیٹی سے ہٹانے اور پارٹی امور میں مداخلت نہ کرنے کی ہدایت دی گئی۔
دوسری جانب، مشعال یوسفزئی نے اپنے ٹویٹر ہینڈل پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے حال ہی میں عمران خان سے ملاقات کی، جس میں خان صاحب نے انہیں سر پر ہاتھ رکھا اور لیگل اور پارٹی امور پر بات چیت کی۔ مشعال یوسفزئی نے کہا کہ خان صاحب نے انہیں اگنور کرنے کے احکامات دیے اور کچھ ہدایات بھی دیں، لیکن انہوں نے اس بات کا بھی اشارہ کیا کہ کسی بھی پروپیگنڈے سے انہیں متاثر نہیں کیا جا سکتا کیونکہ ان کا لیڈر عمران خان ہے اور "سچ” ہمیشہ سامنے آئے گا۔