![u tuber](https://baaghitv.com/wp-content/uploads/2025/02/WhatsApp-Image-2025-02-13-at-2.00.19-PM.jpeg)
کراچی: پاکستانی اداکارہ و میزبان مشی خان نے بھارت میں ان دنوں جاری معروف پوڈکاسٹر رنویر الہ آبادیہ اور مقبول کامیڈین سمے رائنا کے تنازع کو پاکستانی یوٹیوبر سے جوڑا ہے۔
باغی ٹی وی : کچھ دن قبل یوٹیوبر رنویر الہ آبادیہ نے شو انڈیاز گاٹ لیٹنٹ میں شرکت کی اور ایک امیدوار سے والدین سے متعلق تضحیک آمیز سوالات کیے اور نامناسب عمل کے بدلے 2 کروڑ روپے کی پیشکش بھی کی،اس واقعے کے بعد رنویر، سمے رائنا اور شو کے دیگر ججز، جن میں اشیش چنچلانی، جسپریت سنگھ اور اپوروا مکھیجا شامل ہیں، ان کے خلاف پولیس شکایت درج کروائی گئی۔
بھارتی سوشل میڈیا پر سمے رائنا اور رنویر کے خلاف شدید ردعمل دیکھنے میں آیا، یہاں تک کہ مشہور بھارتی اداکاروں اور ہدایتکاروں نے بھی رنویر کی بات کی مخالفت کی،رنویر الہ آبادیہ کی گرل فرینڈ کی جانب سے بھی ان سے بریک اپ کرنے کا اشارہ دیا گیا ہے، سوشل میڈیا صارفین یہی دعویٰ کرتے نظر آرہے ہیں کہ رنویر کی گرل فرینڈ نے ان سے بریک اپ کرلیا ہے۔
تاہم اس معاملے کے درمیان، رنویر کی گرل فرینڈ نکی شرما نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک پیغام جاری کیا ہے جس سے ظاہر ہو رہا ہے کہ وہ رنویر الہ آبادیہ کے فحش تبصرے سے بہت مایوسی ہوئی ہیں،اداکارہ نکی شرما نے انسٹاگرام پر شئیر کردہ ایک اسٹوری میں لکھا کہ ایک صحیح شخص آپ کے احساسات کی قدر کرتے ہوئے آپ کو یہاں حساس دلائے گا کہ آپ خاص ہیں جس سے آپ کو محبت اور اپنی قدر کا مکمل احساس ہوگا۔
علاوہ ازیں رنویر الہ آبادیہ کے متنازع بیان کے بعد ہونے والی کانٹروورسی کے تناظر میں سمے رائنہ نے انسٹاگرام پر اپنے مداحوں کیساتھ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جو کچھ بھی اس وقت ہورہا ہے یہ میرے لیے کنٹرول سے باہر ہوچکا ہے اور اسی لیے میں نے اپنے شو انڈیاز گوٹ لیٹنٹ کی تمام ویڈیوز یوٹیوب سے ڈیلیٹ کردی ہیں۔
اپنے خلاف شدید ردِ عمل کے بعد رنویر الہ آبادیہ نے ایک ویڈیو بیان جاری کیا اور اپنے متنازع بیان پر معذرت کی،یوٹیوبر کو ویڈیو میں پھوٹ پھوٹ کر روکر یہ کہتے سنا جا سکتا ہے کہ سب ختم ہو گیا اور مجھے اس لیے بُرا لگ رہا ہے کیونکہ میری وجہ سے جو شو بند ہوا ہے اس سے سب کا کام بند ہو گیا۔
رنویر کا کہنا تھا کہ مجھے اب صرف یہ لگتا ہے کہ سب ختم ہونے کا قصوروار بس میں ہی ہوں، میں نے پوری ٹیم کو برباد کر دیا اور میری وجہ سے ان کا سارا کام بھی بند ہوگیا۔ ویڈیو میں انہیں گالم گلوچ کرتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
اب حال ہی میں مشی خان نے ویڈیو پوسٹ کی جس میں انہوں نے کہا کہ ‘سمے رائنا اور رنویر الہ آبادیہ کے خلاف پورا بھارت کھڑا ہوگیا ہے، بھارت کے اول درجے کے ٹی وی شوز میں آرہا ہے کہ ان دونوں کا بائیکاٹ کیا جائے کیونکہ اس شو میں گالیاں اور غلیظ زبان استعمال کی جاتی ہے۔
مشی خان نے کہا کہ ہمارے ہاں (پاکستان) بھی بہت سے یوٹیوبرز ہیں جو گندی زبان استعمال کرتے ہیں جو گندی گالیاں دے کر اپنا کیرئیر بنا کے بیٹھے ہیں اور اب وی لاگرز بن چکے ہیں، ان میں سب سے ٹاپ پر ڈکی بھائی ہیں جنہوں نے 13،14 سال کے بچوں کو گالیاں سکھائی ہیں، ان کے بارے میں کیا خیال ہے؟ پاکستان میں کوئی کھڑا ہوا ان کے خلاف؟-
مشی خان نے وضاحت دی کہ ‘میرے کہنے کا مقصد یہ ہے کہ وہاں پر کتنا کھلا ماحول ہے لیکن پھر بھی اس کے خلاف سب کھڑے ہیں کہ یہ کیا تماشہ ہے، حالانکہ وہ کتنا مشہور پوڈکاسٹر ہے لیکن ہمارے ہاں کوئی آواز نہیں اٹھاتا’۔