مصر کے معروف پہلوان اور طاقت کے عالمی مقابلوں میں شہرت حاصل کرنے والے اشرف مہروس عرف "اسٹرونگ مین” نے ایک اور ناقابلِ یقین کارنامہ انجام دے کر دنیا کو حیران کردیا۔
بحیرۂ احمر کے مشہور سیاحتی مقام ہُرغادہ میں اشرف مہروس نے اپنے دانتوں کی مدد سے 700 ٹن وزنی بحری جہاز کھینچ کر شائقین کو دنگ کر دیا۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ پہلوان نے یہاں ہی ہمت نہیں ہاری بلکہ مزید دو جہاز بھی ساتھ باندھ کر کھینچنے کی کوشش کی اور کامیاب ہوئے۔ تینوں جہازوں کا مجموعی وزن تقریباً 1150 ٹن تھا۔
44 سالہ اشرف مہروس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا مقصد اپنے ہی 2018ء میں بنائے گئے ریکارڈ کو توڑنا تھا، جس میں انہوں نے 614 ٹن وزنی جہاز کھینچنے کا کارنامہ سرانجام دیا تھا۔ اُنہوں نے کہا کہ اس تازہ ترین کارکردگی کو گنیز ورلڈ ریکارڈ میں درج کروانے کے لیے درخواست دی جائے گی۔
اشرف مہروس کی قامت 6 فٹ 3 انچ اور وزن 155 کلوگرام ہے۔ اپنی فٹنس کے راز سے پردہ اٹھاتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وہ روزانہ کم از کم 6 گھنٹے کی سخت ورزش کرتے ہیں، جو دو سیشنز پر مشتمل ہوتی ہے۔ اشرف نے واضح کیا کہ وہ کسی بھی قسم کے سپلیمنٹس استعمال نہیں کرتے بلکہ قدرتی غذا پر انحصار کرتے ہیں۔ ان کی خوراک میں زیادہ تر انڈے، چکن اور مچھلی شامل ہیں جو پروٹین اور آئرن سے بھرپور ہوتی ہیں۔یہ پہلا موقع نہیں کہ اشرف مہروس نے اپنی طاقت سے دنیا کو حیران کیا ہو۔ رواں سال مارچ میں بھی انہوں نے اپنے دانتوں سے 279 ٹن وزنی ٹرین کو 10 میٹر تک گھسیٹ کر گنیز سرٹیفکیٹ حاصل کیا تھا۔







