ایران نے اسرائیل پر ایک مرتبہ پھر میزائل حملہ کردیا، بیرشیبہ میں میزائل گرنے سے شدید نقصان ہوا ہے، کئی گاڑیوں میں آگ لگ گئی اور 7 افراد زخمی ہوگئے جبکہ اسرائیلی فوج نے ایرانی بیلسٹک میزائل کو روکنے میں اپنی ناکامی کا اعتراف کر لیا ہے۔
باغی ٹی وی : اسرائیلی میڈیا کے مطابق فوجی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ میزائل انٹرسیپٹر سسٹم میں ممکنہ تکنیکی خرابی کے باعث میزائل کو روکا نہیں جا سکا یہ واقعہ جمعے کی صبح اسرائیل کے جنوبی شہر بیرشیبہ میں پیش آیا، جہاں ایران کی جانب سے داغا گیا میزائل رہائشی اپارٹمنٹس کے قریب آ گرا۔ واقعے میں کم از کم پانچ افراد معمولی زخمی ہوئے جبکہ متعدد گاڑیوں اور عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا۔
ایک فوجی اہلکار کے مطابق، آج صبح بیرشیبہ پر ایران کے حملے میں ایک بیلسٹک میزائل داغا گیا، جسے روکا نہیں جا سکا اور کئی رہائشی اپارٹمنٹس کے قریب گرا، یروشلم پوسٹ کے مطابق سوروکا میڈیکل سینٹر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بیرشیبہ کے علاقے میں میزائل گرنے سے 7 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ایمرجنسی سروسز فراہم کرنے والے ادارے میگن ڈیوڈ ایڈم کا کہنا ہے کہ جمعے کی صبح جنوبی اسرائیل پر ایران کی جانب سے داغے گئے میزائلوں کی بارش کے بعد اسے کسی زخمی کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
فوجی اہلکاروں کا کہنا ہے کہ انٹرسیپٹر نظام میں خرابی کی جانچ کی جا رہی ہے تاکہ آئندہ ایسے حملوں سے مؤثر طریقے سے نمٹا جا سکے، جبکہ ٹائمز آف اسرائیل نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی فوج اس واقعے کو ایک تکنیکی ناکامی کے طور پر دیکھ رہی ہے، جو دفاعی صلاحیت پر سوالیہ نشان بن چکی ہے۔








