لاہور،سیالکوٹ(باغی ٹی وی+بیوروچیف) گورنر پنجاب سیکرٹریٹ میں معروف کالم نگار، شاعر اور بانی اپووا (آل پاکستان اُردو رائٹرز ایسوسی ایشن) ایم ایم علی کی سالگرہ کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں گورنر سیکرٹریٹ کے افسران، مختلف شعبوں کی نمایاں شخصیات اور صحافتی و ادبی حلقوں کے افراد نے شرکت کی۔
سالگرہ کی تقریب گورنر ہاؤس لاہور میں منعقد کی گئی، جہاں ایم ایم علی کی ادبی اور دفتری خدمات کو سراہا گیا۔ سیکشن آفیسر جمشید خان نے ان کی صحافتی و ادبی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایم ایم علی اپنی تحریروں کے ذریعے سماجی اور ادبی شعور اجاگر کرنے میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے ایم ایم علی کی درازی عمر اور مزید کامیابیوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
تقریب میں گورنر سیکرٹریٹ کے دیگر اعلیٰ افسران اور عملے کے ارکان نے شرکت کی، جن میں بابر علی، محمد حمزہ، احسان ملک، محمد فہد نفیس، فہیم فاضل، معظم رشید، محمد اویس اور دیگر شامل تھے۔ شرکاء نے ایم ایم علی کی ادبی و دفتری خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں سالگرہ کی مبارکباد پیش کی اور ان کی شخصیت کو فرض شناس، محنتی اور ملنسار قرار دیا۔
تقریب میں ایم ایم علی کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا، جس کے بعد پرتکلف ہائی ٹی کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر شرکاء نے ایم ایم علی کے ساتھ خوشگوار لمحات گزارے اور ان کی تحریری و تنظیمی خدمات پر تبادلہ خیال کیا۔
علاوہ ازیں، ایم ایم علی کی سالگرہ کے موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سمیت مختلف سیاسی، سماجی اور ادبی شخصیات نے انہیں مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ ملک بھر کے ادبی و صحافتی حلقوں کی جانب سے بھی ایم ایم علی کو سالگرہ کی مبارکباد کے پیغامات موصول ہوئے۔
تقریب کے اختتام پر ایم ایم علی نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ اپنے قلمی سفر کو جاری رکھتے ہوئے ادب و صحافت کی ترقی کے لیے مزید محنت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ادبی و صحافتی برادری کا یہ خلوص اور محبت ان کے لیے باعثِ افتخار ہے۔
یہ تقریب ایک یادگار موقع ثابت ہوئی، جس میں ایم ایم علی کی شخصیت اور خدمات کو بھرپور انداز میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔