میرپور خاص (باغی ٹی وی،نامہ نگار سید شاہزیب شاہ ) حق پرست رکن قومی اسمبلی عبدالعلیم خانزادہ نے ایم کیو ایم پاکستان میرپور خاص ڈسٹرکٹ آفس کا دورہ کیا جہاں انہوں نے متحدہ قومی موومنٹ کے ذمہ داران سے خصوصی ملاقات کی۔ ملاقات میں مرحلہ وار کھلی کچہری کے انعقاد کا عندیہ دیا گیا تاکہ عوامی مسائل کو فوری طور پر حل کیا جا سکے۔
عبدالعلیم خانزادہ نے تعلیمی بورڈ کے ملازمین کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی، بجلی اور گیس کی غیر ضروری لوڈشیڈنگ، سیوریج کے گندے پانی کے باعث گیس کی بندش سمیت دیگر اہم مسائل پر گفتگو کی۔ انہوں نے حیسکو ایس ڈی اوز کے تحکمانہ رویے اور بلاجواز ایف آئی آرز کے اندراج پر بھی شدید برہمی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ وہ انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے اور ان کے مسائل کو قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں بھرپور طریقے سے اٹھایا جائے گا۔ ایم کیو ایم پاکستان عوامی خدمت کے لئے اپنی تمام صلاحیتیں اور وسائل بروئے کار لانے کے لیے کوشاں ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان میرپور خاص ڈسٹرکٹ کے جوائنٹ انچارجز آفاق احمد خان، سلیم میمن، محمود عباسی اور دیگر ڈسٹرکٹ کمیٹی اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالعلیم خانزادہ نے کہا کہ عوامی مسائل کا حل اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔








