اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان، میاں شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدہ کرلیا ہے۔
وزیراعظم نے یہ اعلان وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کیا جو ان کی زیرصدارت ہوا،کابینہ اجلاس میں ملکی معیشت اور آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکراتی عمل پر تفصیل سے بات کی گئی۔ اجلاس میں وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار، وزیرِ مملکت برائے خزانہ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ کابینہ کے اجلاس کے دوران آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی والدہ کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔ وزیراعظم نے دعائیہ کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ آرمی چیف کی والدہ کو جنت الفردوس میں بلند درجات عطا فرمائے۔وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کی فوج کے عظیم سپہ سالار کی والدہ کی وفات پر ان کے خاندان کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں اور ان کی مغفرت کے لیے دعائیں کرتے ہیں۔
وزیراعظم شہبازشریف نے مزید بتایا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں معاونین خصوصی کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ اس اجلاس میں ملکی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور آئندہ حکومتی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔انہوں نے کہا کہ حکومت ملکی معیشت کو بہتر بنانے اور عوام کی فلاح کے لیے مکمل طور پر متحرک ہے، اور تمام اہم فیصلوں میں معاونین خصوصی کی رائے کو شامل کیا جائے گا تاکہ ہر سطح پر بہتر کارکردگی یقینی بنائی جا سکے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت نے حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدے میں آرمی چیف کا بھی کلیدی کردار ہے، نائب وزیراعظم، وزیر خارجہ، وزیر خزانہ کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں،پوری قوم نے ہدف کے حصول کے لئے دعائیں کیں،عام عوام اور تںخواہ دار طبقے نے مہنگائی کا بوجھ برداشت کیا، دہشتگردی،مہنگائی کے باوجودمعاہدہ طے پانا حکومتی سنجیدگی ہے،معیشت کی بحالی کےلئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ذاتی طور پر بے پناہ کوششیں کیں، اُن کا بے حد شکریہ ادا کرتا ہوں، یہ میرے لئے فریش اور نیا تجربہ ہے، میں بہت حوصلہ محسوس کر رہا ہوں،
پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان یہ معاہدہ اقتصادی استحکام کی جانب اہم قدم ثابت ہوگا۔ اس معاہدے سے پاکستان کو مالی امداد کی فراہمی کی راہ ہموار ہو گی اور ملک کی معیشت کو مزید مستحکم بنانے میں مدد ملے گی۔