ماڈل ٹاؤن شہباز شریف کے پڑوس میں گولیاں چل گئیں، فائرنگ کرنیوالا کون؟
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی بہن کے داماد کی میاں اسلم بشیرکے گھر پرفائرنگ ، گارڈ زخمی اورگیراج میں کھڑی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے ۔ تھانہ ماڈل ٹاؤن میں مقدمہ درج کر لیا گیا
سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی بہن کوثرکے داماد فرقان ادریس اور اس کے بھائی عمر ادریس نے ماڈل ٹاؤن میں گزشتہ رات 2بجے مبینہ طور پر اپنے ہمسائے میاں اسلم بشیر کے گھر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ جس کے نتیجے میں گھر کے باہر سکیورٹی گارڈ کو بھی گولیاں لگیں اور گھر کے گیراج میں کھڑی قیمتی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔
ماڈل ٹاؤن میں شہباز شریف کے گھر کیساتھ ملحقہ گھر کے رہائشی میاں اسلم بشیر کا کہنا ہے کہ ہم لوگ سو رہے تھے کہ رات کے دو بجے فائرنگ کی آواز آئی، جب کھڑکی سے باہر دیکھا تو فرقان ادریس اور عمر ادریس اپنے دیگرساتھیوں کے ہمراہ ان کے گیٹ پر اور گھر کے اندر فائرنگ کررہے تھے، اور مسلسل کہہ رہے تھے کہ آج کسی کو نہیں چھوڑیں گے،
میاں اسلم بشیر کا کہنا ہے کہ ہم نے فوراً 15پر کال کی ، اور پولیس کے آنے کے بعد دونوں بھائی ساتھیوں سمیت بھاگ گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پہلا واقعہ نہیں کہ ان پر فائرنگ کی گئی ہوبلکہ شہباز شریف کے دور حکومت میں بھی ایسے متعدد واقعات رونما ہوتے رہے ہیں لیکن اس وقت ہماری کوئی دادرسی نہیں ہوتی تھی پولیس معمولی کارروائی کرتی تھی اور معاملہ رفع دفع ہو جاتا تھا۔ لیکن اب پی ٹی آئی کی حکومت ہے اور عمران خان وزیراعظم ہیں تو ہمیں امید ہے کہ ہمیں انصاف ضرور ملے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے تھانہ ماڈل ٹاؤن میں ایف آئی آر کیلئے درخواست دے دی ہے اور امید ہے کہ پولیس ملزموں کیخلاف جلد کارروائی عمل میں لائے گی۔
یاد رہے کہ ملزم فرقان ادریس سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا قریبی رشتہ دار ہے۔فرقان ادریس شہباز شریف کی بہن کوثر اور بہنوئی محمد یوسف کا داماد بھی ہے جبکہ ماڈل ٹاؤن میں میاں اسلم بشیر اور شہباز شریف کے گھر ساتھ ساتھ ہیں












