میرپورخاص (نامہ نگار سید شاہزیب شاہ): میرپورخاص کے اولڈ سول ہسپتال میں انڈس ہسپتال کے تعاون سے ایک جدید بلڈ بینک کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔ اس بلڈ بینک کا مقصد شہریوں کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔
افتتاحی تقریب میں ڈائریکٹر عبدالشکور جروار، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سندیپ کمار، سول ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ہیم جی، انڈس ہسپتال اتھارٹی کے ایگزیکٹو پیتھالوجسٹ حبیب اللہ میمن، کرنل ندیم اور دیگر افسران و مہمانانِ خصوصی نے شرکت کی۔
مہمانوں نے بلڈ بینک اور لیبارٹری کا افتتاح کیا اور بعد میں کیک بھی کاٹا گیا۔ اس موقع پر دعا بھی کی گئی کہ یہ اقدام عوام کی فلاح و بہبود اور صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے میں کامیاب ہو۔
انڈس ہسپتال کی جانب سے بلڈ بینک کے قیام کو میرپورخاص کے عوام کے لیے ایک انقلابی قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ اس بلڈ بینک کے قیام سے مریضوں کو بروقت خون کی فراہمی ممکن ہو سکے گی اور طبی سہولتوں کا معیار بھی بلند ہوگا۔







