ماڈرن پولیسنگ میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا موثرا ستعمال کلیدی حیثیت رکھتا ہے،آئی جی پنجاب

0
27

آئی جی پنجاب انعام غنی کی زیر صدارت پنجاب پولیس کے آئی ٹی سافٹ وئیرز بارے اجلاس،مانیٹرنگ ایپ برائے سپروائزری افسران، PERایپ اور ٹورسٹ فیسلیٹیشن ایپ کے اجرا کی منظوری،آئی جی پنجاب نے سنٹرل پولیس آفس میں ”سافٹ وئیرڈویلپمنٹ روم“کا افتتاح بھی کیا۔سافٹ وئیر ڈویلپمنٹ روم میں جدید پولیسنگ اور عوامی سہولت کیلئے نئے پروگرامز اور ایپلی کیشنز ڈیزائن کئے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی نے کہاہے کہ ماڈرن پولیسنگ میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا موثرا ستعمال کلیدی حیثیت رکھتا ہے لہذا پولیس کے ورکنگ سسٹم کو ماڈرن ماڈیولز پر اپ گریڈ کرنے کیلئے سافٹ وئیرز اور ایپلی کیشنز کی تیاری کا سلسلہ جاری رکھا جائے جبکہ ساتھ ہی ساتھ ان آئی ٹی پراجیکٹس کی موثر مانیٹرنگ اور انسپکشن کو بھی یقینی بنایا جائے تاکہ جرائم کی بیخ کنی کے ساتھ ساتھ شہریوں کو سروس ڈلیوری کا عمل بہتر سے بہتر ہوسکے۔ انہوں نے اجلاس میں آئی ٹی ونگ اور پی آئی ٹی بی کے اشتراک سے تیار کی گئی تین جدید ایپلی کیشنز جن میں مقدمات کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ لئے ”مانیٹرنگ ایپ برائے سپروائزری افسران“، سالانہ کارکردگی رپورٹس (ACR)کی کمپیوٹرائزیشن کیلئے تیار کی گئی PERایپ اور سیاحوں کے تحفظ اور سہولت کیلئے پنجاب پولیس ٹورسٹ فیسیلیٹیشن ایپ کے اجراء کی باقاعدہ منظوری دیتے ہوئے کہاکہ ان تینوں ایپ کو اگلے ایک ہفتے میں فعال کردیا جائے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ PERایپ میں ایک فیچر یہ بھی شامل کیا جائے کہ جو افسراپنے ماتحت سٹاف کی اے سی آرز لکھنے،میں تاخیر کرے گا اس کی اپنی اے سی آرز کا فارم کمپیوٹر میں اس وقت تک لاک رہے گا جب تک وہ اپنے ماتحتوں کی باقی ماندہ اے سی آرز مکمل نہیں کردیتا کیونکہ یہ انصافی ہے کہ ہم اپنی اے سی آر بروقت لکھوانا چاہتے ہیں اور ماتحتوں کی اے سی آرز لکھنے میں لیت و لعل سے کام لیتے ہیں۔

انہوں نے مزیدکہاکہ عوامی سہولت کیلئے شروع کئے گئے پراجیکٹس بالخصوص فرنٹ ڈیسک، پولیس خدمت مراکز اور8787کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم میں مزید بہتری کیلئے شہریوں سے حاصل شدہ فیڈ بیک کی روشنی میں اپ گریڈیشن کے عمل کو مزید موثر بنایاجائے تاکہ شہریوں کے مسائل کا حل مزیدتیزی سے ترجیحی بنیادوں پر ممکن ہوسکے جبکہ ساتھ ہی ساتھ پولیس ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم، ہیومن ریسورس مینجمنٹ سسٹم،کریمنل ریکارڈمینجمنٹ سسٹم میں وضع کردہ ایس او پیز کی پاسداری کو بھی یقینی بنایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں پنجاب پولیس کے آئی ٹی پراجیکٹس کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کے بعد آئی جی پنجاب نے سنٹرل پولیس آفس میں ”سافٹ وئیر ڈویلپمنٹ روم“کا افتتاح بھی کیا۔

ڈی آئی جی آئی ٹی وقاص نذیر نے آئی جی پنجاب کو ”سافٹ وئیر ڈویلپمنٹ روم“کے قیام اور اغراض ومقاصد کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جدید سہولیات سے آراستہ سٹیٹ آف دی آرٹ سافٹ وئیر ڈویلپمنٹ روم میں پی آئی ٹی بی کے ماہرین اور پنجاب پولیس کے آئی ٹی افسران مل کر کام کریں گے اور دونوں اداروں کے افسران مل کر جدید پولیسنگ اور عوامی سہولت کیلئے نئے پروگرامز اور ایپلی کیشنز ڈیزائن کریں گے۔انہوں نے مزیدکہا کہ مقدمات کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کیلئے”مانیٹرنگ ایپلی کیشن برائے سپر وائزری افسران“ کا آغاز کردیا گیا ہے جس کے تحت مانیٹرنگ افسران ماتحت سٹاف کی پرفارمنس، پٹرولنگ، انویسٹی گیشن کی پراگریس سمیت دیگر تفصیلات کی براہ راست مانیٹرنگ کر سکیں گے۔

انہوں نے مزیدبتایا کہ گریڈ سولہ یا اس سے اوپر گریڈ کے سالانہ کارکردگی رپورٹس کی ایلیوئیشن کیلئے”PERایپ“ آئندہ چند روز میں متعارف کروائی جار ہی ہے جس کے تحت اے سی آرز کی تکمیل کا پورا عمل خودکار نظام کے تحت سر انجام پائے گا۔ انہوں نے مزیدبتایا کہ پاکستان میں آنے والی غیر ملکی اور ملکی سیاحوں کے تحفظ اور سہولت کیلئے ”پنجاب پولیس ٹورسٹ فیسیلیٹشین ایپ“ بھی تیاری کے آخری مراحل میں ہے جس کا افتتاح آئی جی پنجاب آئندہ چند روز میں کریں گے۔ انہوں نے مزیدبتایا کہ پی آئی ٹی بی افسران اور پنجاب پولیس افسران کے اشتراک سے اب تک پنجاب پولیس کی ورکنگ کو مزید موثر بنانے کیلئے 30سے زائد سافٹ وئیرز بنائے جا چکے ہیں جن میں پولیس اسٹیشن ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم، ہیومن ریسورس مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم، کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم، پنجاب پولیس فنانشل مینجمنٹ سسٹم، انوینٹری مینجمنٹ سسٹم، ہوٹل آئی،کرایہ داری اندراج سسٹم اور پولیس خدمت مراکزقابل ذکر ہیں جن کی بدولت پنجاب پولیس سمارٹ اینڈ کمیونٹی پولیسنگ کے اصولوں کے مطابق کرائم کنٹرول اور پبلک سروس ڈلیوری کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کو موثر انداز میں استعمال کر رہی ہے جس کی بدولت جرائم پیشہ عناصر کی قلع قمع کے عمل میں نہ صرف تیزی آئی ہے بلکہ پولیس اور عوام کے درمیان باہمی تعاون کی فضا بھی بہتر ہورہی ہے۔

آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ جدید پولیسنگ کی طرز پر کرائم کنٹرول اور سروس ڈلیوری کومزید بہتر بنانے کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی پر انحصارمزیدبڑھایا جائے جبکہ تھانوں کی ورکنگ کو مزید موثر بنانے کیلئے تمام امور پولیس اسٹیشن ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم کے تحت جاری کردہ ایس او پیز کے مطابق سر انجام دئیے جائیں اور تمام اضلاع میں افسران اپنے آئی ٹی انچارجز کے ساتھ کلوز کوارڈ نیشن رکھیں۔اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی آپریشنز صاحبزادہ شہزاد سلطان اور پی آئی ٹی بی کے افسران بھی موجود تھے۔

Leave a reply