ڈیرہ غازی خان (جواد اکبر سٹی رپورٹر) ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد نے جنوبی پنجاب کے معروف سیاحتی مقام فورٹ منرو میں ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا۔ حکومت پنجاب کی ہدایات پر فورٹ منرو میں 200 کنال اراضی پر 40 کروڑ روپے کی لاگت سے ٹی ڈی سی پی ریزارٹ تعمیر کیا جائے گا، جو سیاحوں کے لیے جدید سہولیات سے آراستہ ہوگا۔

سیاحوں اور مقامی آبادی کو صاف پانی کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے کے لیے ساڑھے چھ کروڑ روپے کی لاگت سے نئی پائپ لائن بچھائی جائے گی، جو رکنی اور دیگر علاقوں سے پانی فورٹ منرو تک پہنچائے گی۔

ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے ریزارٹ اور واٹر سپلائی سکیموں کے مجوزہ مقامات کا معائنہ کیا اور ترقیاتی کاموں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر پولیٹیکل اسسٹنٹ کوہ سلیمان محمد اسد چانڈیہ اور متعلقہ محکموں کے افسران نے انہیں منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔

ڈپٹی کمشنر نے فورٹ منرو میں موجود سرکاری ریسٹ ہاؤسز کی بحالی اور تزئین و آرائش کے جاری منصوبوں کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ فورٹ منرو کو جدید اور پرکشش سیاحتی مرکز میں بدلنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں، جن میں سیکیورٹی، صاف پانی، رہائش اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔

Shares: