کارکنان شکرانے کے نوافل ادا کریں،اپنے علاقوں میں سول ڈیفنس کے لیے تیار رہیں،خالد مسعود سندھو
پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف مسلسل جارحیت اور حملوں کے بعد، پوری قوم اور دنیا نے دیکھا کہ افواجِ پاکستان نے فجر کی نماز ادا کر کے دشمن کے خلاف آپریشن بنیان المرصوص کا آغاز کیا،
خالد مسعود سندھو کا کہنا تھا کہ ہم اللہ رب العزت کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اس نے ہمیں ایک بہادر، پیشہ ور، اور دین سے سرشار فوج عطا کی، افواجِ پاکستان نے دشمن کو منہ توڑ جواب دے کر یہ ثابت کر دیا کہ پاکستان کے تحفظ اور وقار پر آنچ نہیں آنے دی جائے گی،یہ آپریشن قوم کی امنگوں اور جذبوں کے عین مطابق، ہماری افواج نے پاکستان کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے،آج کا دن پاکستان کے دشمنوں کے لیے یقیناً ایک سیاہ ترین دن ہے۔ ان کی سازشیں، ان کے حملے، اور ان کی امیدیں خاک میں مل گئیں۔ دشمن کو یہ پیغام مل چکا ہے کہ پاکستانی قوم متحد ہے، اور اس کا ہر فرد اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ہم دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ افواجِ پاکستان کو کامیابیوں سے ہمکنار کرے، انہیں اپنی حفاظت میں رکھے، اور دشمنانِ وطن پر ہمیشہ فتح عطا فرمائے۔
خالد مسعود سندھو کا مزید کہنا تھا کہ مرکزی مسلم لیگ کے کارکنان شکرانے کے نوافل ادا کریں۔اپنے علاقوں میں سول ڈیفنس کے لیے تیار رہیں۔عوام کے درمیان رہ کر انہیں حوصلہ دیں، اور افواجِ پاکستان کی حمایت میں ان کے جذبات کو مضبوط کریں۔کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں نظم و ضبط کا مظاہرہ کریں اور مرکزی قیادت سے رابطے میں رہیں،اللہ تعالیٰ ہمیں اپنی حفاظت میں رکھے، ہماری افواج کو فتح و نصرت عطا فرمائے، اور پاکستان کو تا قیامت سلامت رکھے۔ آمین۔