پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما، خارجہ امور کی ماہر، رکن قومی اسمبلی سحر کامران نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ پہلگام حملے کی آڑ میں دنیا کو گمراہ کرنے کی ایک اور ’’فالس فلیگ‘‘ سازش بے نقاب ہو چکی ہے۔ مودی حکومت کو اپنی سیکیورٹی کی ناکامیوں کا جواب دینا ہوگا،

سحر کامران نے اپنے بیان میں کہا کہ ’’گجرات سے لے کر کشمیر تک قتل عام، مودی اور بی جے پی کے ہندوتوا انتہاپسند نظریے کو بے نقاب کرتا ہے۔ را کے خفیہ قاتل گروہ اب کینیڈا اور امریکہ میں بھی بے نقاب ہو چکے ہیں، جو بھارت کی بین الاقوامی ساکھ کو شدید نقصان پہنچا رہے ہیں۔‘‘انہوں نے عالمی برادری کو متنبہ کیا کہ بھارت کی بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں، خصوصاً انڈس واٹر ٹریٹی کو خطرے میں ڈالنے کی کوششوں، سے خطے میں معاشی اور سفارتی بحران جنم لے سکتا ہے۔

سحر کامران نے پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں کی بھرپور تائید کرتے ہوئے کہا’’پاکستان نے ٹھوس اور دوٹوک اقدام کرتے ہوئے بھارت سے واہگہ بارڈر بند کر دیا، فضائی حدود معطل کی، اور تجارتی روابط منقطع کیے۔ یہ بھارت کو واضح پیغام ہے کہ جھوٹ اب زیادہ دیر نہیں چھپ سکتے۔‘‘انہوں نے بھارت کو یاد دلایا’’تمہیں یاد ہو کہ نہ یاد ہو، ہمیں یاد ہے سب ذرا ذرا ،بالا کوٹ، ابھی نندن، اور تمہاری جھوٹی فتح کے دعوے۔ حقیقت ہمیشہ سامنے آتی ہے!‘‘

سحر کامران نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ بھارت کی شدت پسند پالیسیوں، خطے میں جھوٹ پر مبنی فالس فلیگ آپریشنز، اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر خاموش تماشائی نہ بنے۔’’پاکستان کا مؤقف ہمیشہ امن، انصاف، اور بین الاقوامی قوانین پر مبنی رہا ہے۔ بھارت کے جھوٹ اب دنیا سے نہیں چھپ سکتے۔‘‘

Shares: