ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی رپورٹ)بھارتی حکومت نے معروف پاکستانی صحافی و اینکر پرسن مبشر لقمان کا یوٹیوب چینل "مبشر لقمان آفیشیل” بھارت میں بند کر دیا۔ یہ اقدام اس وقت سامنے آیا جب مبشر لقمان نے اپنے پروگرام "کھرا سچ” میں بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں پہلگام واقعے کو "ڈرامہ” قرار دیتے ہوئے مودی سرکار پر براہ راست تنقید کی تھی۔

یوٹیوب کی جانب سے مبشر لقمان کو موصول ہونے والی ای میل میں بتایا گیا کہ بھارتی حکومت کے احکامات کی روشنی میں ان کے چینل کی ویڈیوز بھارت میں بلاک کر دی گئی ہیں اور آئندہ اپلوڈ ہونے والا مواد بھی بھارتی صارفین کے لیے دستیاب نہیں ہوگا۔

اس اقدام پر ڈیرہ غازی خان کے صحافیوں اور سماجی حلقوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اسے آزادی اظہار پر حملہ قرار دیا ہے۔ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (PFUJ) ڈیرہ غازی خان کے صدر وسینئر صحافی سید ریاض جاذب، انجمن صحافیان پریس کلب کے نائب صدر منظور خان لغاری، پریس کلب ڈیرہ غازی خان کے نائب صدر چوہدری شکیل احمد، 64 نیوز میڈیا گروپ کے سی ای او عطا اللہ خان کھوسہ اور الیکٹرانک میڈیا پریس کلب کے سینئر نائب صدر غلام مصطفیٰ بڈانی نے بھارت کے اس اقدام کی سخت مذمت کی ہے۔

صحافیوں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ مودی حکومت کے یہ اوچھے ہتھکنڈے سچ کو دبانے کی ناکام کوشش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی صحافی برادری، سول سوسائٹی، تاجر طبقہ اور عام شہری اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہر محاذ پر بھارت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

دوسری طرف سینئر صحافی مبشر لقمان نے اپنے ردعمل میں کہا کہ "بھارت کے ڈرامے دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں، پہلگام واقعے کے پیچھے بھی مودی سرکار خود ملوث ہے۔ پاکستان نے تحقیقات میں تعاون کی پیشکش کی لیکن مودی اس سے راہِ فرار اختیار کر رہا ہے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ "مودی انتخابی مہم کے لیے بہار تو چلا جاتا ہے لیکن کشمیر جانے کی جرات نہیں کرتا۔ اگر سچ بولنے کی سزا یوٹیوب چینل بند کرنا ہے تو ہمیں قبول ہے۔ پاکستان کے دفاع، سالمیت اور خودمختاری کے لیے ہم اپنی جان بھی قربان کرنے کو تیار ہیں۔”

Shares: