پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے کہا ہے کہ محبت و خدمت سے ہی تمام مسائل حل ہوسکتے ہیں، پشتون محب وطن اور پاکستان کے لئے قربانیاں دینے والے لوگ ہیں ، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبر پختونخوا کی عوام کی قربانیوں کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا ،خیبر پختونخوا میں امن اتحاد ویکجہتی کے ذریعے ہی آ سکتا ہے،پاکستان وسائل سے مالا مال مگر ناکام پالیسیوں کی وجہ سے مسائل ہیں، پاکستان مرکزی مسلم لیگ قیام امن کے لئے ملک گیر تحریک چلا ئے گی
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں صحافیوں کے اعزازمیں منعقدہ افطار ڈنر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے ترجمان تابش قیوم ،خیبرپختونخواجنوبی زون کے صدر یاور آفتاب، صدر پشاور انعام اللہ ،ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری خیبرپختونخوامحمد عثمان ،رضوان اللہ ودیگر بھی موجود تھے، خالد مسعود سندھو کا کہنا تھا کہ مرکزی مسلم لیگ کا منشور اور سلوگن خدمت انسانیت ہے،ہم سمجھتے ہیں خدمت سے لوگوں کے دل جیتے جا سکتے ہیں،نفرتوں کو خدمت سے ہی ختم کیا جاسکتا ہے،پاکستان وسائل سے مالا مال ہے مگر ناکام پالیسیوں کی وجہ سے مسائل ہیں،پاکستان مرکزی مسلم لیگ سمجھتی ہے سیاست اخلاق کیساتھ ہونی چاہئے،گالی کا جواب گالی سے نہیں ہونا چاہئے،پاکستان مرکزی مسلم لیگ مسائل کا حل ڈائیلاگ سمجھتی ہے،فردواحد اس ملک کو ٹھیک نہیں کر سکتا،سب کو مل بیٹھ کر اس ملک کو مسائل کی دلدل سے نکالنا ہوگا،عید کے فوری بعد آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے جس میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو شریک کیا جائے ،یہ ملک ان شاءاللہ تاقیامت باقی رہے گا، اس ملک کی ترقی کیلئے سب ملکر کردار ادا کریں ،بیروزگاری، دہشتگردی جیسے مسائل کو حل کرنے کیلئے سب متحد ہو جائیں
تابش قیوم کا کہنا تھا کہ مرکزی مسلم لیگ جدید ضرورتوں کے مطابق صحافیوں کیلئے ٹریننگ ورکشاپ کا انعقاد کرے گی،خبر کو روکنے کیلئے پیکا جیسے قوانین بنا جائے رہے ہیں،ملک کو جو چیلنجز درپیش ہیں اس میں میڈیا سب سے اہم کردار ادا کر سکتا ہے،اظہار رائے کی آزادی ہونی چاہئے،عید کے بعد عوامی سطح پر ڈیجیٹل سکلز سکھانے کا پروگرام شروع کر رہے ہیں ،نوجوانوں کو اپنا روزگار کمانے کی تربیت فراہم کریں گے.