عماد وسیم کے بعد پاکستان کے کھلاڑی آل راؤنڈ محمد عامر نے بھی اپنے انٹرنیشنل کرکٹ کیریئر سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے
محمد عامر، جو کہ پاکستان کے فاسٹ بولنگ کے بڑے ستاروں میں شمار ہوتے ہیں، نے اپنے کرکٹ کیریئر کے اختتام کا اعلان کیا۔ 32 سالہ محمد عامر نے جون 2009ء میں بین الاقوامی کرکٹ میں قدم رکھا اور اس کے بعد پاکستان کے لیے 36 ٹیسٹ، 61 ون ڈے اور 62 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے۔ عامر نے تینوں فارمیٹس میں مجموعی طور پر 271 بین الاقوامی وکٹیں حاصل کیں اور 1179 رنز بنائے۔محمد عامر 2009ء کے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے والی پاکستانی ٹیم کا بھی حصہ تھے اور ان کی فاسٹ بولنگ نے اس ٹورنامنٹ میں پاکستان کو شاندار کامیابی دلائی۔ عامر نے کہا کہ پاکستان کے لیے تینوں فارمیٹس میں کھیلنا ان کے لیے ایک اعزاز تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ "یہ ایک مشکل فیصلہ تھا، مگر مجھے لگتا ہے کہ یہ وقت آگیا ہے کہ میں اگلی نسل کو اپنی ذمہ داری سنبھالنے کا موقع دوں اور پاکستان کرکٹ کو نئی بلندیوں تک لے جاؤں۔”عامر نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا بھی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے ان کے کیریئر کے دوران ہمیشہ ان کی سپورٹ کی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ پی سی بی کی جانب سے فراہم کی جانے والی سپورٹ کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور قومی ٹیم کی آئندہ کامیابیوں کے منتظر ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف آپریٹنگ افسر سمیر احمد سید نے بھی دونوں کھلاڑیوں کی خدمات کا اعتراف کیا اور کہا کہ "ہم محمد عامر اور عماد وسیم کا پاکستان کرکٹ کے لیے ان کی شاندار خدمات پر دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ان دونوں کی کرکٹ میں شراکت ہمیشہ یاد رکھی جائے گی اور ہم ان کی آئندہ کی کوششوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔”