مہمند میں افسوسناک حادثہ،ماربل کی کان بیٹھنے سے 11 مزدور جاں بحق، ریسکیو آپریشن جاری
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع مہمند میں افسوسناک حادثہ پیش آیا، مہمند میں ماربل کی کان بیٹھنے سے 11 مزدور جاں بحق ہوگئے۔
خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع مہمند کی تحصیل صافی کے علاقے زیارت میں ماربل کی کان اچانک بیٹھ گئی جس کے نتیجے میں دب کر 11 افراد جاں بحق جب کہ 7 زخمی ہو گئے۔
ڈی پی او مہمند طارق حمید کا کہنا ہے کہ دور افتادہ علاقہ سے لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے جبکہ مزید افراد کے ملبے تلے دبنے کے بارے میں فی الحال کچھ نہیں کہا جا سکتا۔
اطلاعات کے مطابق ملبے تلے چالیس سے زائد مزدور دبے ہوئے ہیں جنہیں نکالنے کے لئے ریسکیو آپریشن جاری ہے،ریسکیو1122 پشاور اور چارسدہ سے اضافی اہلکار ضلع مہمند پہنچ گئے،سرچ اینڈ ریسکیو آلات کے ساتھ ہیوی مشینری اور ایمبولینسز آپریشن میں حصہ لے رہی ہیں،ریسکیو1122 کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں اندھیرے میں ہیوی سرچ لائٹس سے آپریشن جاری ہے
صوبائی معاون خصوصی برائے معدنیات عارف احمدزئی نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جائے وقوعہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں، ابتدائی معلومات کی بنیاد پر حادثہ تودہ گرنے سے سامنے آیا تاہم حادثے کی باقاعدہ انکوائری کا حکم دے دیا ہے.
وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان نے بھی واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے،ریسکیو 1122 حکام کے مطابق ریسکیو آپریشن جاری ہے جو رات گئے تک جاری رہے گا، ابھی ملبے تلے کتنے افراد موجود ہیں اس بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا