وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کل وزیراعظم شہباز شریف سے اہم ملاقات کریں گے جس میں وہ صدرِ مملکت آصف علی زرداری کا خصوصی پیغام پہنچائیں گے
یہ ملاقات ایسے وقت میں ہونے جا رہی ہے جب پیپلز پارٹی نے وزیراعلیٰ پنجاب کے حالیہ بیانات اور حکومتی ترجمانوں کے الزامات پر ناراضی کے باعث سینیٹ اور قومی اسمبلی میں کاروائی کا بائیکاٹ کیا ہے،ذرائع کے مطابق، صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے وزیر داخلہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ پنجاب اور سندھ حکومت کے درمیان پیدا ہونے والے تناؤ کو کم کرنے میں کردار ادا کریں اور سیاسی محاذ آرائی کے بجائے مصالحت کی فضا قائم کرنے کی کوشش کریں۔
گزشتہ شب بلاول ہاؤس کراچی میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے صدرِ مملکت آصف زرداری سے ملاقات کی، جس دوران ملکی سیاسی صورتحال، وفاقی و صوبائی تعلقات، اور بالخصوص سندھ و پنجاب حکومت کے درمیان بڑھتی کشیدگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ صدرِ مملکت نے پنجاب حکومت کے وزراء اور ترجمانوں کے سخت بیانات پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ایسے بیانات سے اتحادی جماعتوں کے درمیان اعتماد کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے محسن نقوی سے کہا کہ وہ بطور وفاقی وزیر داخلہ، دونوں صوبوں کے درمیان مصالحتی کردار ادا کریں تاکہ سیاسی دراڑیں مزید گہری نہ ہوں۔
یاد رہے کہ گزشتہ چند روز میں پنجاب حکومت اور سندھ حکومت کے درمیان مختلف امور پر بیانات کے تبادلے نے سیاسی فضا میں شدید تناؤ پیدا کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں پیپلز پارٹی نے پارلیمنٹ کے اجلاسوں کا بائیکاٹ کیا تھا،سیاسی مبصرین کے مطابق، اگر وزیر داخلہ محسن نقوی کی وزیراعظم سے ملاقات نتیجہ خیز ثابت ہوئی تو ممکن ہے کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان پیدا ہونے والی خلیج کم ہو سکے اور پارلیمانی تعاون بحال کیا جا سکے