کراچی: وفاقی حکومت نے ملک بھر میں مساجد اور مدارس کے انتظامی و دینی امور میں مداخلت نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اس سلسلے میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کراچی میں ممتاز عالم دین اور رویت ہلال کمیٹی کے سابق چیئرمین مفتی منیب الرحمان کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی۔

وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر قیادت ایک اعلیٰ سطحی وفد نے مفتی منیب الرحمان کی سربراہی میں علمائے اہلسنت کے ایک وفد سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران حالیہ دنوں میں پیش آنے والے مختلف واقعات اور دینی طبقات سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔علمائے کرام نے ملاقات میں اپنے تحفظات اور مختلف مسائل پر حکومت کو اپنا مؤقف پیش کیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے علمائے کرام کے مؤقف کو بغور سنا اور تمام جائز مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ذرائع کے مطابق ملاقات نہایت خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں یہ طے پایا کہ آئندہ اسلام آباد میں وفاقی سطح پر ایک تفصیلی نشست کا اہتمام کیا جائے گا تاکہ تمام معاملات کو مستقل بنیادوں پر حل کیا جا سکے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر واضح کیا کہ حکومت دینی اداروں کے انتظامی و مذہبی معاملات میں کوئی مداخلت نہیں کرے گی۔مفتی منیب الرحمان اور شریک علمائے کرام نے وزیر داخلہ کے اس مؤقف کا خیرمقدم کیا اور حکومتی یقین دہانی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ملاقات کے اختتام پر ملکی امن، استحکام اور دینی ہم آہنگی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

Shares: