اسلام آباد: پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے جلسے کے شرکاء کی جانب سے اسلام آباد پولیس پر بلا اشتعال پتھراؤ کے واقعات پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے فوری نوٹس لے لیا ہے۔ انہوں نے آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی سے اس واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے پی ٹی آئی کارکنان کے پتھراؤ سے زخمی ہونے والے ایس ایس پی شعیب خان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور ان کی خیریت دریافت کی۔ اس موقع پر وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ زخمی پولیس اہلکاروں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔محسن نقوی نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے پولیس کو ہدایت کی ہے کہ امن و امان کی صورتحال کو بحال رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔

Shares: