اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹرگوہر نے کہا ہے کہ ،وزیرداخلہ محسن نقوی نے احتجاج مو خر کرنے سے متعلق بات نہیں کی اور انہوں نے ایسی کوئی بات نہیں کی کہ احتجاج موخر کریں تو بات آگے بڑھے-

باغی ٹی وی : نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ وزیرداخلہ محسن نقوی سے دو بار نہیں ایک بار رابطہ ہوا ہے، ان سے شام 6 بجے تک حتمی جواب دینے کی بات نہیں کی،اسلام آباد ہائیکورٹ کے آرڈر میں ہمیں سنا ہی نہیں گیا، اسلام آباد ہائیکورٹ کا یہ فائنل آرڈر نہیں۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ احتجاج کی کال صرف بانی پی ٹی آئی واپس لے سکتے ہیں، سیاسی کمیٹی میں احتجاج مو خر کرنے سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی، ہم نے ہر قدم بانی پی ٹی آئی کی ہدایات کے مطابق لیا،وزیرداخلہ محسن نقوی نے احتجاج مو خر کرنے سے متعلق بات نہیں کی اور انہوں نے ایسی کوئی بات نہیں کی کہ احتجاج موخر کریں تو بات آگے بڑھے ، بانی پی ٹی آئی تمام کیسز میں ضمانت پر ہیں، ہماری کسی کے ساتھ کوئی ڈیل نہیں، بانی پی ٹی آئی رہا ہوجاتے ہیں مذاکرات تو پھر بھی آگے چلنے ہیں۔

گوہر نے کہا کہ ابھی تک ہماری بات چیت اس سطح پر نہیں کہ اس میں رہائی کا کوئی مطالبہ ہو، افسوس کی بات ہے پاکستان کے 8موٹرویز بند کیے گئے ، ٹرانسپورٹ بند، ہاسٹلز خالی کرا لیے گئے ، اگر ہم نے احتجاج سے یہ سب کچھ حاصل کرنا تھا تو یہ حکومت نے کردیا، لوگوں کا حق ہے کہ پرامن طریقے سے آئیں اور اپنا احتجاج کریں، ہم سے زیادہ لانگ مارچ تو پی ٹی آئی دور میں انہوں نے کیے۔

انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی کا نہ توشہ خانہ سے کوئی تعلق ہے نہ پیسے لیے، ان کو تکلیف دینا کہ شاید اس سے بانی پی ٹی آئی ٹوٹ جائیں، بشریٰ بی بی کا بیان روز روشن کی طرح عیاں ہے، سعودیہ کا نام نہیں لیا، بشریٰ بی بی گرفتاری دینے خود اڈیالہ جیل گئیں تو اس کو متنازع بنادیا گیا، بشریٰ بی بی اس احتجاج میں شرکت نہیں کریں گی، ان کی صحت بھی ٹھیک نہیں۔

Shares: