قادیانیوں کو غیر مسلم قرار دینے کے 50 سال مکمل،مولانا فضل الرحمان کا ‘یوم الفتح’ منانے کا اعلان

molana

جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اعلان کیا ہے کہ 7 ستمبر کو قادیانیوں کو غیر مسلم قرار دینے کے 50 سال مکمل ہونے پر ‘یوم الفتح’ منایا جائے گا۔ اس موقع پر مینار پاکستان لاہور میں ایک شاندار گولڈن جوبلی تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔ مولانا فضل الرحمان نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 7 ستمبر 1974 کو قادیانیوں کو غیر مسلم قرار دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا، اور اس موقع پر ‘یوم الفتح’ کے نام سے ایک یادگار تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس دن کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے جے یو آئی، وفاق المدارس اور دیگر دینی تنظیموں کے کارکنان تحریک چلائیں گے۔انہوں نے اس موقع پر 22 اگست کو سپریم کورٹ میں جمیعت علماء اسلام کی جانب سے حاصل کردہ تاریخی فتح کا بھی ذکر کیا۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ قوم کو یکجہتی اور ختم نبوت ﷺ کے لیے مینار پاکستان میں جمع ہونے کی دعوت دی گئی ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے بلوچستان میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات پر گہرے افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے موسی خیل، قلات، مستونگ، اور بولان میں دہشت گردی کے حملوں میں درجنوں افراد کی ہلاکت پر تعزیت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی اور مرکزی حکومتیں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے میں ناکام رہی ہیں اور اپنے مفادات کے تحفظ میں مصروف ہیں۔انہوں نے خیبر پختونخواہ اور بلوچستان میں دہشت گردی کی بڑھتی ہوئی لہر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد کھلم کھلا سرگرم ہیں اور ان کے خلاف موثر اقدامات نہ اٹھائے جانے پر افسوس کا اظہار کیا۔ مولانا فضل الرحمان نے دہشت گردی میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے تعزیت کی اور دعا کی کہ اللہ تعالی ان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

Comments are closed.