شیخ الحدیث جامعہ سلفیہ فیصل آباد مولانا یونس بٹ بھی خالق حقیقی سے جاملے.
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق شیخ الحدیث جامعہ سلفیہ فیصل آباد و ناظم اعلیٰ وفاق المدارس سلفیہ مولانا یونس بٹ خالق حقیقی سے جاملے. مولانا یونس بٹ چند دنوں سے علیل تھے. ان کی نماز جنازہ بعد نماز جمعہ 2 بجے جامعہ سلفیہ میں ادا کی جائے گی.
مولانا یونس بٹ 4 اپریل 1956 میں ساہیوال کے علاقے پرنامی محلہ میں پیدا ہوئے. آباؤاجداد تقسیم ہند کے وقت ہجرت کرکے امرتسر سے ساہیوال آبسے تھے. ابتدائی تعلیم ساہیوال ہی سے حاصل کی. 1971 ء میں ساہیوال گورنمنٹ ہائی سکول سے میٹرک پاس کیا. اس کے بعد دینی تعلیم کے لئے فیصل آباد جامعہ سلفیہ چلے گئے اور یہیں سے 1977 ء میں سند فراغت حاصل کی. مولانا یونس بٹ نے 1977 ء میں اٹھنے والی تحریک نظام مصطفیٰ میں بھی حصہ لیا جس کی وجہ سے انہیں جیل بھی کاٹنا پڑی.
اس کے بعد 1977 ء میں ہی اعلیٰ تعلیم کے لئے مدینہ منورہ تشریف لے گئے. جہاں سے مدینہ جامعہ اسلامیہ مدینہ منورہ سے 1982 ء میں سند فراغت حاصل کرنے کے بعد وطن واپس لوٹ آئے اور آتے ہی جامعہ سلفیہ فیصل آباد میں درس و تدریس کا سلسلہ شروع کردیا. تدریس کے دوران ہی 1984 ء میں پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے عربی کا امتحان بھی پاس کیا. اس کے علاوہ 1998ء سے وہ جامعہ سلفیہ کی مسجد میں خطبہ جمعہ بھی دیتے آرہے تھے.
مولانا یونس بٹ نے کئی عربی کتب کے تراجم بھی کئے. مولانا یونس بٹ کی وفات پر امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث علامہ ساجد میر, سینیٹر حافظ عبدالکریم, علامہ ابتسام الٰہی ظہیر, پروفیسر سیف اللہ خالد, علامہ ہشام الہی ظہیر, قاری محمد یعقوب شیخ, مولانا عبدالصمد معاذ, مولانا سبطین شاہ نقوی, مولانا یاسین ظفر, مولانا نجیب اللہ طارق سمیت دیگر علماء و طلباء نے گہرے دکھ کا اظہار کیا.