پی ٹی آئی کے رہنما مونس الہٰی نے نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ سرکاری اسکولوں کی قیمتی عمارتیں اور سہولیات من پسند نجی اداروں میں اپنی ذاتی جائیداد سمجھ کر بانٹنے لگے ہیں۔ مونس الہٰی نے اپنے ٹوئٹ میں نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی پر الزام لگایا کہ وہ سرکاری اسکولوں کو اپنی جائیداد سمجھ کر بانٹ رہے ہیں۔ آئین اور قانون نگران حکومت کو اس کی اجازت دیتا ہے نہ اختیار، اس ناجائز تعلیمی نجکاری کا نتیجہ فیسوں میں بھاری اضافہ ہو گا۔
انھوں نے مزید کہا کہ آج غریب بجلی اور گیس کے بل دینے سے قاصر ہیں۔ کل سرکاری اسکولوں کی نجکاری کے بعد اپنے بچوں کے بھاری تعلیمی اخراجات کا بوجھ کیسے اٹھا پائیں گے۔
دوسری جانب مونس الہٰی کو جواب دیتے ہوئے نگران وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے کہا کہ مونس الہٰی اربوں روپے کی کرپشن کے مقدمات سے بچنے کی خاطر ملک سے فرار ہو کر پنجاب کی نگران حکومت کے بارے میں شر انگیز جھوٹ پھیلانا بند کریں۔
انھوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے کسی سرکاری اسکول کو کسی پرائیویٹ تعلیمی ادارے کے حوالے نہیں کیا ہے۔ نہ ہی سرکاری اسکولوں کو پرائیویٹائز کرنے کا کوئی فیصلہ ہوا ہے۔
Baaghi Digital Media Network | All Rights Reserved